بھارتی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ دیویا بھٹناگر کورونا وائرس کے ہاتھوں انتقال کر گئیں۔
34 سالہ اداکارہ نمونیہ کے بعد کورونا کا شکار ہوئی تھیں، انہیں گزشتہ ہفتے طبیعت بگڑنے پر وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نومبر کے آخر میں دیویا بھٹناگر نے انسٹاگرام پر اپنے مداحوں سے جلد صحتیابی کی دعا کرنے کی درخواست کی تھی۔
ان کے دوست یووراج رگھوونشی کے مطابق ان کی موت رات کو 3 بجے ہوئی تھی، انہوں نے بتایا کہ دیویا بھٹناگر کو سیون ہلز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، رات کے 2 بجے انہیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہوا اور ایک گھنٹے بعد ان کی موت واقع ہو گئی۔
اس سے قبل دیویا بھٹناگر کو ایک اسپتال سے دوسرے میں منتقل کر دیا گیا تھا جہاں طبی سہولیات بہتر تھیں مگر وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
ادکارہ 26 نومبر کو اسپتال داخل ہوئی تھیں اور دو روز بعد ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا تھا، وہ نمونیا میں بھی مبتلا تھیں جس میں کورونا کی وجہ سے مزید مسائل پیدا ہو گئے۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق اداکارہ دیویا بھٹنا گر کامیڈی شو تیرا یار ہوں کی شوٹنگ میں مصروف تھیں کہ طبعیت بگڑنے پر انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
انہوں نے ‘یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے’، ‘سنسکار’ ، ‘اڑان’، ‘جیت گئی تو پیا مورے’، ‘وش’ اور ‘سنوارے سب کو پریتو’ سمیت دیگر ڈراموں میں اداکاری کی تھی۔
اداکارہ کے کئی ساتھیوں نے ان کی موت پر شدید دکھ کا اظہار کیا۔
بھارت اس وقت کورونا وائرس کے کیسز کے لحاظ سے دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے، 7 دسمبر تک بھارت میں عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 96 لاکھ 77 ہزار سے زائد جبکہ ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ40 ہزار سے تجاوز کرچکی تھیں۔