وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ایپ ٹوئٹر پر تمام افراد کو ان فالو کر دیا ہے۔
اس سے قبل عمران خان ایک درجن سے زائد ٹوئٹر اکاؤنٹس کو فالو کرتے تھے جن میں زیادہ تر تحریک انصاف کے دیگر رہنما تھے تاہم اب انہوں نے تمام افراد کو ان فالو کر دیا ہے۔
اگر دیگر حکمرانوں کو دیکھا جائے تو وہ ٹوئٹر پر کئی اکاؤنٹس کو فالو کرتے ہیں، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی 2346 افراد کو فالو کرتے ہیں، اسی طرح امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 57 اور افغانستان کے صدر اشرف غنی ٹوئٹر پر 17 اکاؤنٹس کو فالو کرتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وزیراعظم کے اکاؤنٹ سے ہونے والے اس اقدام پر بحث چھڑ گئی ہے اور صارفین مختلف انداز میں اظہار خیال کر رہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کی ٹوئٹس پر تو بحث چلتی رہتی ہے تاہم ان کے ان فالو کرنے والے فیصلے بھی توجہ کا مرکز بنے رہے ہیں۔
ماضی میں انہوں نے جب معروف صحافی اور ٹی وی اینکر حامد میر کو ٹوئٹر پر ان فالو کیا تھا تو یہ خبر میڈیا کی ہیڈلائن بن گئی تھی۔
ابھی تک سرکاری طور پر اس اقدام کی وجہ بیان نہیں کی گئی جس کے باعث افواہوں سے لے کر تنقید و تحسین کے ملے جلے تبصرے سامنے آ رہے ہیں۔
اس وقت وزیراعظم کے اکاؤنٹ پر فالونگ کے عنوان کے تحت صفر لکھا نظر آ رہا ہے۔