پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور معروف اینکر عامر لیاقت کی اہلیہ طوبیٰ عامر نے اداکاری کے میدان میں قدم رکھ دیا۔
اس سلسلے میں طوبیٰ عامر نے انسٹا گرام ایک پوسٹ کے ذریعے پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری میں قسمت آزمانے سے متعلق مداحوں اور اپنے فالوورز کو آگاہ کیا۔
انہوں نے انسٹا گرام پر اپنے ڈیبیو ڈرامے کی ایک مختصر ویڈیو شیئر کی جو دراصل ڈرامے کی اگلی قسط کا پرومو ہے۔
یاد رہے عامر لیاقت کی اہلیہ طوبیٰ عامر نجی چینل اے آر وائی کے ڈرامے ‘بھڑاس’ سے ڈراما انڈسٹری میں ڈیبیو کر رہی ہیں۔
‘بھڑاس’ ڈرامے کے سیٹ سے شوٹنگ کے دوران لی جانے والی ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویرمیں طوبیٰ عامر ہمایوں سعید کے بھائی سلمان سعید اور دیگر اداکاروں کے ساتھ دکھائی دے رہی ہیں۔
واضح رہے طوبیٰ عامر اس سے قبل عامرلیاقت کے ہمراہ رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی بھی کر چکی ہیں۔
خیال رہے طوبیٰ عامر شادی سے قبل ایک ٹی وی نیٹ ورک میں کارپوریٹ افیئر کی منیجر بھی رہ چکی ہیں۔
واضح رہے عامر لیاقت کی دوسری شادی 2018 میں کسی وقت ہوئی تھی، جسے کچھ عرصہ تک خفیہ رکھا گیا تھا، تاہم الیکشن کمیشن میں کاغذات نامزدگی میں دوسری بیوی کا ذکر نہ کرنے پر ان کے خلاف دائر درخواست کے بعد ان کی دوسری شادی کا انکشاف ہوا تھا۔
عامر لیاقت نے الیکشن کمیشن کے سامنے مؤقف اختیار کیا تھا کہ انہوں نے اپنی اہلیہ سے متعلق کچھ نہیں چھپایا، ابھی صرف نکاح ہی ہوا ہے۔