بھارتی فلم انڈسٹری میں خود کشیوں کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے، تامل ڈراموں کی معروف 28 سالہ اداکاہ چترا کامراج نے خودکشی کر لی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ شوٹنگ کے بعد رات ڈھائی بجے کے قریب اپنے ہوٹل آئیں اور آدھے سے ایک گھنٹہ کے اندر اندر گلے میں پھندا لگا کر خود کشی کر لی۔
اس حوالے سے اداکارہ چترا کامراج کے ساتھ ہوٹل میں مقیم ان کے منگیتر اور برنس مین ہیمنتھ نے ان کی پراسرار موت سے متعلق پولیس کو بتایا کہ چترا شوٹنگ سے واپس آتے ہی نہانے گئیں۔
اداکارہ جب بہت دیر تک باہر نہ آئیں تو دروازے پر دستک دی گئی، کوئی جواب نہ آنے پر ان کے منگیتر ہیمنتھ نے ہوٹل انتظامیہ کو دروازے کی ڈپلیکیٹ چابی سے دروازہ کھولنے کو کہا
ہوٹل انتظامیہ کے ساتھ جب اداکارہ کے منگیتر کمرے میں داخل ہوئے تو چترا کامراج کو مردہ حالت میں پایا۔
اداکارہ کی موت کیسے اور کیوں ہوئی، اس سلسلے میں تاحال کچھ معلوم نہیں ہو سکا ہے، پولیس کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں۔
خود کشی سے قبل اداکارہ چترا نے انسٹا گرام پر اپنی ایک خوبصورت تصویر شیئر کی تھی، جس کے کچھ ہی دیر بعد اداکارہ کی پراسرار موت نے ان کے چاہنے والوں کو حیرت میں مبتلا کر دیا۔
شوبز سے وابستہ افراد نے اداکارہ کی اچانک موت کو صدمہ قرار دیتے ہوئے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
چترا کامراج تامل ٹی وی انڈسٹری کی مشہور اداکارہ تھیں، پانڈین اسٹور نامی شو سے مقبولیت حاصل ہوئی، جس کی وجہ سے انہیں اس نام سے بھی پکارا جاتا تھا۔
اداکارہ کی حال میں برنس مین سے منگنی ہوئی تھی، اور وہ چند ماہ میں شادی کرنے والی تھیں۔
اس سے پہلے بالی وڈ کے معروف اداکار سشانت سنگھ سمیت متعدد اداکار خود کشی کر چکے ہیں۔