میانوالی میں واقع وادی نمل کے گاؤں تھل ٹیگووال میں ‘پر اسرار’ بیماری کے باعث ایک ہی خاندان کے 6 افراد ایک ہفتے کے دوران انتقال کر گئے۔ محکمہ صحت نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور ٹیسٹ لیے تو کورونا کے ٹیسٹ بھی منفی آئے۔
اطلاعات کے مطابق مذکورہ افراد کو ایک ہفتے تک شدید بخار رہا۔ بعد ازاں ایک سے دو روز کے دوران ہی وہ انتقال کر گئے۔
ہلاک ہونے والے افراد میں 5 خواتین اور ایک بچہ شامل ہیں۔ ان کے علاوہ خاندان کے دیگر افراد میں بھی ملتی جلتی علامات دیکھی گئی ہیں جن میں 4 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔
سانحہ کی خبر کے پھیلنے پر ضلعی محکمہ صحت کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ تاہم وہ بیماری کی تشخیص نہ کر پائیں اور انہوں نے متاثرہ افراد کے خون کے نمونے جمع کر لیے۔
اسسٹنٹ کمشنر میانوالی نے بھی متاثرہ خاندان کا دورہ کیا اور ڈپٹی کمشنر کو اس معاملے کے بارے میں آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر کی درخواست پر بعد ازاں سیکریٹری صحت پنجاب کی جانب سے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم گاؤں بھیجی گئی جو اپنی رپورٹ سیکریٹری کو پیش کرے گی۔
محکمہ صحت کے حکام مریضوں کو ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں منتقل کرنے میں ناکام رہے۔
زیر بحث صورتحال کی وجہ سے گاؤں کے رہائشیوں کے درمیان شدید پریشانی کی لہر دوڑ گئی۔
چند سال پہلے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ میں بھی ایک پراسرار بیماری کی وجہ سے ایک ماہ کے دوران ایک ہی خاندان کے 7 بچے انتقال کر گئے تھے۔ ہلاک ہونے سے پہلے بچوں کا بائیاں ہاتھ اور پاؤں حرکت کرنا چھوڑ گئے تھے۔