وزیراعظم عمران خان کے مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے وفاقی وزیر خزانہ کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔
تقریب حلف برداری ایوان صدر میں منعقد ہوئی، جہاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ان سے عہدے کا حلف لیا۔
یاد رہے حفیظ شیخ اس سے قبل مشیر خزانہ کے عہدے پر کام کر رہے تھے، اور اب انہیں وفاقی وزیر کا عہدہ سونپا گیا ہے، جس کے بعد انہیں خزانہ کا قلم دان دیئے جانے کا امکان ہے۔
مشیر اور معاونین خصوصی سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں وزیراعظم عمران خان نے تین مشیروں کو وفاقی وزیر بنانے پر قانونی ٹیم سے مشاورت کی ہے۔
واضح رہے حفیظ شیخ قومی اسمبلی کے ممبر نہیں ہیں، تاہم وزیر اعظم عمران خان اپنا آئینی حق استعمال کرتے ہوئے غیر منتخب شخص کو 6 ماہ کیلئے وفاقی وزیر بنا سکتے ہیں۔
اس سے قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ مشیر خزانہ حفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اورمعاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کو وفاقی وزیر بنانے کیلئے تجویز پیش کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ تینوں وزراء کو مارچ میں شیڈول سینیٹ انتخابات میں سینیٹ کا ٹکٹ دیئے جانے کا امکان ہے، تاکہ تمام تر آئینی رکاوٹوں کو ختم کیا جا سکے۔
خیال رہے حفیظ شیخ کے تقرر کے علاوہ وزیراعظم کے دیگر معاون خصوصی اور مشیروں کی تعیناتیوں کے خلاف عدالتوں میں مختلف درخواستیں دائر ہو چکی ہیں۔
اس حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے قیام کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دے چکی ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ غیر منتخب مشیر اور معاونین خصوصی حکومتی کمیٹیوں کی سربراہی نہیں کر سکتے۔
عدالت نے فیصلے میں کہا تھا کہ کسی وزیر کی حیثیت سے مشیر کا تقرر ان کو اختیارات نہیں دیتا ہے کہ وہ وزیر کی حیثیت سے کام کرے یا رولز آف بزنس 1973 تحت اس طرح سے امور انجام دے۔
واضح رہے حفیظ شیخ نے معاشیات میں ہاروڈ یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے، وہ کئی سال تک عالمی بینک کے ساتھ بھی کام کر چکے ہیں۔
حفیظ شیخ 2003 سے 2006 تک وزیر برائے نجکاری اور سرمایہ کاری کے منصب پر فائر رہے، بعد ازاں پاکستان پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں وہ مارچ 2010 سے 19 فروری 2013 تک وزیر خزانہ، محصولات اور اقتصادی امور کے فرائض سر انجام دے چکے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں اسد عمر کے وزیر خزانہ کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد 19 اپریل 2019 کو حفیظ شیخ کو وزیراعظم کے مشیر خزانہ کے منصب پر تعینات کیا گیا تھا۔