وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کو اندر سے نقصان پہنچانے والوں کے گرد گھیرا تنگ کریں گے۔
نیا قلمدان سنبھالنے کے بعد ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے پی ڈی ایم کو ایک شاعرانہ پیغام دیا کہ ستم کرو گے تو ستم کریں گے ، وفا کرو گے تو وفا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کو سیاسی سنڈے مارکیٹ سے کچھ حاصل نہیں ہو گا، لیڈر وہ ہوتا ہے جس کی کال پر قوم پہنچ جاتی ہے، گلی گلی دعوت نامہ بانٹنے والا لیڈر نہیں ہوتا۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ 13 دسمبر کو جلسہ کرنیوالوں کو عوام کا کچھ تو خیال کرنا چاہیے، انتشار کی سیاست ختم کرنے اور حالات بہتر بنانے کیلئے کوشش کروں گا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حالات تصادم کی طرف نہیں جائیں گے، جب لانگ مارچ ہو گا تب دیکھا جائے گا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ایک بار پھر کہتا ہوں کہ موجودہ صورتحال میں بھی عمران خان سروخرو ہوں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے آج وفاقی کابینہ میں اہم تبدیلیاں کی ہیں، شیخ رشید کو وزارت داخلہ کا قلمدان سونپ دیا گیا ہے جبکہ اعظم سواتی کو وزارت ریلوے اور اعجاز شاہ کو وزیر نارکوٹکس کنٹرول بنادیا گیا ہے۔
تجزیہ کار ان تبدیلیوں کو اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے تناظر میں دیکھ رہے ہیں۔