مسلم لیگ ن کے 25 ممبران صوبائی و قومی اسمبلی کا وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے رابطے میں ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سے گزشتہ دو ہفتے میں 10 ن لیگی ممبران قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی ہے، ان ممبران اسمبلی نے اپنے حلقے کے مسائل پیش کیے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے اراکین اسمبلی نے پارٹی قیادت کے بیانیے کی مخالفت کی۔
وزیرقانون پنجاب راجہ بشارت نے ان اطلاعات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دو درجن سے زائد افراد کا گروپ وزیراعلیٰ پنجاب سے پہلے بھی ملاقات کر چکا ہے، اب بھی اتنے ہی اراکین اسمبلی وزیراعلیٰ سے براہ راست رابطے میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے مزید ارکان بھی ملاقات کریں گے جو اپنی پارٹی قیادت کے بیانیہ کے حق میں نہیں ہیں
راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے بہت سے افراد تصادم کی پالیسی سے متفق نہیں، مسلم لیگ ن کے اندر دو دھڑے موجود ہیں، ایک دھڑا تصادم کے خلاف ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے باغی رکن اسمبلی جلیل شرقپوری نے دعویٰ کیا ہے کہ 30 لیگی پارلیمنٹیرین عثمان بزدار کے ساتھ رابطے میں ہیں اور ان کی ملاقاتیں بھی ہو چکی ہیں۔