مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے کہا ہے کہ بھارتی کرونیکلز کی رپورٹ سے یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ بھارت نے یورپی پارلیمنٹ کو اپنی سازش میں استعمال کیا ہے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے یورپی پارلیمانی وفد کو پاکستان کے خلاف اکسایا، بعد میں وفد کے کچھ لوگوں نے معذرت کی۔
معید یوسف کا کہنا تھا کہ بھارت نے من پسند عنوان یورپی پارلیمانی وفد کو دیے اور انہی پر بات کی، وفد کے کچھ ارکان نے تسلیم کیا کہ انہیں استعمال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ 30 سال سے بند این جی اوز کا نام استعمال کیا گیا اور پاکستان کے خلاف بات کی گئی، یورپی پارلیمانی وفد سے مختلف اخبارات میں من پسند آرٹیکلز لکھوائے گئے۔
مشیر قومی سلامتی نے مزید کہا کہ 750 سے زائد جعلی ویب سائٹس پر پاکستان کے خلاف ایک ہی خبر چلائی جاتی، جعلی ویب سائٹس پر فوت شدہ صحافیوں کے نام استعمال کیے گئے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرس میں کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ میں مصروف ہے، بھارتی کرونیکلز کی رپورٹ نے بھارتی پروپیگنڈے کے جال سے پردہ اٹھایا۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر بھارت پروپیگنڈے کے ذریعے اپنی ناکامیوں کو چھپا رہا ہے، بھارت پاکستان کا تشخص متاثر کرنے کی ناکام کوششوں میں سرگرم ہے۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ای یو ڈس انفولیب کی تحقیقات کے بعد یہ حقائق سامنے آئے ہیں، بھارت نے یورپی یونین کے نام سے جعلی آن لائن میگزین ویب سائٹ بنائی۔
انہوں نے بتایا کہ بھارت جھوٹی خبروں کی ویب سائٹس استعمال کرتا رہا اور کر رہا ہے، فیک آؤٹ لیٹ بھارت نے بنائے اور ان کی فنڈنگ کرتا ہے، ای یو ڈس انفولیب کی رپورٹ نے ہمارے موقف کی تائید کردی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف ہائی بریڈ وار میں ملوث ہے، بھارت حق خودارادیت کی تحریک کودہشت گردی کا رنگ دے رہا ہے، وہ جعلی تھنک ٹینک اور این جی او کے ذریعے پروپیگنڈا مہم چلاتا رہا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے اپنی ہی نیوز ایجنسی کو پاکستان کے خلاف استعمال کیا، یورپی پارلیمنٹ کا مقبوضہ کشمیر کا دورہ ہوا، کس نے کرایا؟ کس نے فنڈ کیا؟ دورے کامقصد بھارت کے 5 اگست کے اقدام کو درست قرار دینا تھا۔