پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان مصطفیٰ کھوکھر نے اپنے استعفے کی تصدیق کر دی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ میں نے چیئرمین پیپلزپارٹی کے ترجمان کے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے، پیپلزپارٹی سے نہیں دیا۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ میں ہر قسم کے حالات میں بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔
مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ بطور ترجمان کئی برسوں سے دیانتداری، اخلاص اور ملک و پارٹی کے بہترین مفادات میں مشورے دیے ہیں۔
انہوں نے پیپلزپارٹی کے ان دوستوں، صحافیوں اور دیگر افراد سے معذرت کی ہے جن کی فون کالز وہ نہیں سن سکے تھے اور پیغامات کا جواب نہیں دے پائے تھے۔
انہوں نے کہا ہے کہ مجھے معاملات پر غوروفکر کرنے کے لیے وقت درکار ہے۔
اس سے قبل میڈیا میں یہ اطلاعات گردش کر رہی تھیں کہ انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
ان کے متعلق کہا جا رہا تھا کہ وہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے پلیٹ فارم سے لیے گئے کچھ فیصلوں کے خلاف تھے اور انہوں نے بطور احتجاج پارٹی سے علیحدگی اختیار کرلی ہے۔
اس وقت جبکہ پیپلزپارٹی کے تمام اہم رہنما پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت کے لیے لاہور آئے ہوئے ہیں، مصطفیٰ نواز کھوکھر یہاں نہیں آئے جس کی وجہ سے افواہیں پھیلنے لگی تھیں۔
ڈان اخبار کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ مصطفیٰ نواز کھوکھر نے واٹس ایپ گروپ (میڈیا مانیٹر) کو بھی چھوڑ دیا ہے جسے 2018 کے عام انتخابات سے قبل بنایا گیا تھا۔
پیپلزپارٹی کے بعض رہنماؤں کا دعویٰ ہے کہ مصطفیٰ نواز کھوکھر اسمبلیوں سے استعفوں اور پارٹی قیادت کے ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بیک چینل رابطوں سے متعلق پیپلزپارٹی کے فیصلے پر غصہ تھے۔