چینی کمپنی چین گن نے طویل انتظار کے بعد ہنڈا سٹی اور ٹویوٹا یاریز کے مقابلے میں اپنی 1500 سی سی سیڈان گاڑی آلسوین پاکستان میں متعارف کرا دی۔
یہ گاڑی پاکستانی کمپنی ماسٹر موٹرز اور چینی کمپنی چین گن کے اشتراک سے متعارف کرائی گئی ہے، کمپنی کا کہنا ہے کہ اس میں ایسی جدید اوٹوموٹیو ٹیکنالوجی متعارف کرائی گئی ہے جو کہ اس سے پہلے پاکستان میں نہیں دیکھی گئی۔
کمپنی انتظامیہ کے مطابق اس گاڑی کے تین ماڈل دستیاب ہوں گے۔ پہلا ورژن 1.37 لیٹر اسمارٹ مینوئل ٹرانسمیشن، دوسرا 1.5 لیٹر 5 اسپیڈ ڈوئل کلچ آٹو میٹک ٹرانسمیشن (ڈی سی ٹی) جبکہ تیسرا ماڈل لگژری 1.5 لیٹر ڈی سی ایڈسن ہے۔
کمپنی کے بیانات کے مطابق لگژری ورژن میں ایسی خصوصیات فراہم کی گئی ہیں جو کہ صارفین نے پہلے کبھی نہیں دیکھی ہوں گی۔ اس گاڑی میں اسٹارٹ اپ ٹیکنالوجی (ایس ایس ٹی) اور ٹائر پریشر مانیٹرنگ سسٹم (ٹی پی ایم ایس) جیسی جدید خصوصیات موجود ہیں۔
کمپنی کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ اس گاڑی میں الیکٹرانک سن روف پایا جاتا ہے جو کہ عموماؑ اس قیمت کی رینج والی گاڑیوں میں دستیاب نہیں ہوتا۔
علاوہ ازیں گاڑی میں پارکنگ سنسرز پر مبنی ریورس کیمرہ نصب ہے جو کہ کمپنی کے بقول ٹویوٹا اور ہونڈا کی ان کیٹیگری کی گاڑیوں میں نہیں ہوتا۔
گاڑی کی قیمت کا فی الوقت اعلان نہیں کیا گیا تاہم اس کی پری بکنگ کمپنی کی آفیشل ویب سائیٹ پر کی جا سکتی ہے۔ کمپنی نمائندوں نے بتایا ہے کہ قیمت کا اعلان جنوری میں کر دیا جائے گا۔
گاڑی کو پاکستان میں واقع پلانٹ پر ہی اسمبل کیا جائے گا۔ کمپنی کی ویب سائیٹ پر موجود تفصیلات کے مطابق گاڑی 6 رنگوں میں دستیاب ہو گی۔