اپوزیشن کی 11 جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا لاہور میں جلسہ جاری ہے۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ جس جعلی تبدیلی کی شروعات 2011 میں مینار پاکستان سے ہوئی تھی، اسی مینار پاکستان نے جعلی تبدیلی کو آج دفن کر دیا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ مذاکرات کا وقت ختم ہو چکا ہے، اب لانگ مارچ ہو گا، ہم اس قومی اسمبلی اور سینیٹ میں حکومت سے بات نہیں کر سکتے جسے ایک ریٹائرڈ کرنل چلا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 2011 میں یہاں جلسہ کیا تھا، عوام جانتے ہیں کہ یہ جلسہ شجاع پاشا نے کرایا تھا، 2013 میں عبرتناک شکست ہوئی جس کے بعد عمران خان نے فیصلہ کیا کہ اب کسی کی تابعداری کرنا پڑے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ تم نے جنرل پاشا اور جنرل ظہیر کی حمایت سے دھرنا دیا لیکن نواز شریف ملک کی خدمت کرتا رہا۔ نواز شریف نے ملک کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلائی۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ لاہور کے تاریخی جلسے کے لیے میڈیا کو فون آرہے ہیں کہ کہیں کہ جلسہ ناکام ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین سال فرعون کے لہجے میں کہتا رہا کہ این آر او نہیں دوں گا اور اب این آر او مانگ رہا ہے، نواز شریف کبھی انہیں این آر او نہیں دے گا۔
انہوں نے کہا کہ لاہوریوں نے مینار پاکستان کو بھی بھر دیا ہے اور اردگرد کی سڑکیں بھی بھر چکی ہیں۔
مریم نواز نے کہا میں لاہوریوں کا شکر ادا کرکے کہتی ہوں کہ نہ صرف مینار پاکستان بھر چکا ہے بلکہ ارد گرد کی سڑکیں بھی بھر گئی ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ نواز شریف جو مطالبات کر رہے ہیں، ان میں کون سا غلط ہے؟ کیا آزاد عدلیہ اور آزاد میڈیا کا مطالبہ غیر آئینی ہے؟ کیا آئین توڑنے والے کے خلاف آرٹیکل 6 کا مطالبہ غیر آئینی ہے؟ کیا کشمیر کو مودی کے حوالے نواز شریف نے کیا تھا؟
انہوں نے سٹیج سے وزیراعظم عمران خان کی پرانی ویڈیوز بھی چلائیں جن میں وہ نوازشریف کے مختلف اقدامات کی تعریف کر رہے تھے۔