سی ٹی ڈی نے اسلام آباد اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گرد حملے کا منصوبہ ناکام بنا دیا ہے، 3 دہشت گرد گرفتار کر لیے گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سی ٹی ڈی پولیس نے انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کرتے ہوئے راولپنڈی کے نواحی علاقے دریائے سواں کے قریب چھپے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، ڈینونیٹرز، اسلحہ اور موبائل فونز سمیت اہم دستاویزات بھی برآمد ہوئی ہیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق دہشت گرد وفاقی دارالحکومت میں اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔
اس کے علاوہ پکڑے گئے دہشت گرد راولپنڈی میں چار بم دھماکوں میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو مطلوب تھے۔ انہی دہشت گردوں نے پیرودھائی میں بھی حملہ کیا تھا۔
ملزمان نے جنوری، مارچ، جون اور دسمبر میں راولپنڈی میں حملے کیے۔
گزشتہ روز راولپنڈی میں دستی بم کے ایک حملے میں 25 افراد زخمی ہو گئے تھے۔
پولیس نے بتایا کہ دھماکا تھانہ گنج منڈی کے سامنے فلٹریشن پلانٹ کے قریب ایک ریڑھی میں چھپائے گئے دستی بم سے ہوا۔
اس سے قبل 4 دسمبر کو راولپنڈی کے علاقے پیرودہائی میں ایک بس اسٹینڈ کے قریب رکشے میں دھماکا ہوا تھا جس میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا تھا۔
پولیس حکام نے بتایا تھا کہ دھماکا دیسی ساختہ آئی ای ڈی کے ذریعے کیا گیا جس میں بارود کے ساتھ بال بیرنگ استعمال کیے گئے تھے۔