وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملکی اداروں کے خلاف بولنا نوازشریف کا ایجنڈا ہے ، انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ بس بہت ہوگیا اب قومی اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی برداشت نہیں کرینگے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ بطور وزیر داخلہ نوازشریف کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ بہت ہو گیا ، اب مزید برداشت نہیں کرسکتے، ملک سے بڑھ کر ہمارے لیے کچھ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے بیرون ملک سے قیدیوں کو واپس لانے کا فیصلہ کرلیا ہے، نوازشریف کو بھی واپس لائیں گے۔
وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ پی ڈی ایم کی سیاست دفن ہو گئی ہے، استعفوں کے منتظر ہیں، لانگ مارچ کرنا چاہتے ہیں تو شوق سے کریں، ہم وہ کریں گے جس کی آئین و قانون اجاز ت دیتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اراکین کو کس نے کہا تھا کہ استعفوں پر فروری کی تاریخیں ڈالیں؟
شیخ رشید نے کہا کہ پی ڈی ایم کو ملک کو غیر مستحکم کرنے کے ایجنڈے میں ناکامی ہو گی، وزیراعظم پانچ سال پورے کریں گے، عمران خان اپنی حکومت چھوڑ دیں گے مگر وہ کرپٹ لٹیروں کو این آر او نہیں دیں گے۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم مذاکرات کے دروازے بند نہیں کرنا چاہتے، اپوزیشن رہنما کہتے ہیں کہ عمران خان سے بات نہیں ہوگی تو پھر کن سے مذاکرات ہوں گے؟
انہوں نے کہا کہ محمود اچکزئی جاتے جاتے گل کھلا گئے اور پی ڈی ایم کی بیچ منجھدھار کشتی ڈوبی ہے، کل لاہور میں انہیں ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کل جلسے میں مدرسے کے لوگوں کو نہ لاتے تو ان کے پاس تو لوگ ہی نہیں تھے۔