لاس ویگاس ایئر پورٹ میں ہونے والے ایک واقعہ میں طیارے کے پر پہ چڑھ جانے والے شخص کو حراست میں لے لیا گیا۔
ایئر پورٹ نمائندے کے بقول گزشتہ ہفتے کے روز لاس ویگاس ائیر پورٹ پر الاسکا ائیر لائنز کے طیارے کے پر پہ چڑھ جانے پر ایک شخص کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔
الاسکا ائیرلائنز کی جانب سے بتایا گیا کہ لاس ویگاس سے پورٹ لینڈ جانے والی پرواز 1367 میککارن انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ٹیک آف کر رہی تھی جب پائلٹ نے ایک شخص کو طیارے کی جانب آتے ہوئے دیکھا اور کنٹرول ٹاور کو مطلع کیا۔
ایئر پورٹ نمائندے کے مطابق لاس ویگاس میٹروپولیٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ اور ایئرپورٹ حکام کی طرف سے اس شخص کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ آدمی احاطے کے گرد لگی باڑ کے اوپر سے کود کر طیارے کی طرف آیا تھا۔
ایک مسافر کی ریکارڈ کردہ ویڈیو میں اس شخص کو طیارے کے پر پہ بیٹھتے اور چلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم بوئینگ 707 کے پنکھ پر چھڑنے کی کوشش کر رہا ہے مگر پولیس حکام کے قریب آنے پر وہ کھسک کر نیچے گر جاتا ہے۔
حکام کی جانب سے آدمی کو حراست میں لیا گیا اور اسے ایک اسپتال لے جایا گیا تھا جبکہ الاسکا ائیرلائنز کا کہنا تھا کہ طیارے کو مکمل معائنے کے لیے گیٹ پر واپس لایا گیا تھا۔
ان کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ اس واقعے کے باعث پرواز میں 4 گھنٹے سے زائد کی تاخیر ہوئی۔