اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) عالمی بینک اور ایشین ڈیویلپمنٹ بینک نے پاکستان کے قرضے روک لیے ۔ تفصیلات کے مطابق عالمی بینک اور ایشین ڈیویلپمنٹ بینک نے کچھ شرائط پوری کرنے میں تاخیر اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ بات چیت میں تعطل کی وجہ سے پاکستان کو مزید 1 بلین ڈالر قرض کی منظوری ملتوی کردی۔ اس حوالے سے میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی بینک 1.5 بلین ڈالر کے اصل منصوبے کے مقابلہ میں 28 جون2021ء کو 800 ملین ڈالر کے قرضوں کی منظوری دے گی۔
پاکستان اور ورلڈ بینک نے 500 ملین ڈالر کے تین قرضوں پر بات چیت کی تھی۔ ورلڈ بینک نے پائیدار معیشت پروگرام کے تحت ایک قرض کی منظوری ملتوی کردی ۔ اس کے علاوہ میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ سیکیورٹی ہیومن انویسٹمنٹ کے تحت دوسرے دو قرضوں کا حجم 500 ملین ڈالر سے کم کرکے 400 ملین ڈالر کردیا ہے۔
پاکستان کی جانب سے کچھ شرائط پوری نہ ہونے پر عالمی بینک نے قرض کی رقم میں کمی کا فیصلہ کیا۔