اسلام آباد (عمران مگھرانہ )پاکستان میں بی ایم ڈبلیو سب سے زیادہ کون سا ادارہ استعمال کر رہا ہے؟سول بیوروکریسی اور ملٹری میں مراعات کا فرق واضح ہے، ایک ہی گریڈ کے افسران ہوتے ہیں مراعات ایک جیسی نہیں ہیں، سینیٹ خزانہ کمیٹی اجلاس میں سینیٹر سعدیہ عباسی کا اظہار خیال ۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز سینیٹ خزانہ کمیٹی اجلاس میں سینیٹر سعدیہ عباسی نے بات کرتے ہوئے کہا کہ سول بیوروکریسی اور ملٹری میں مراعات کا فرق واضح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ہی گریڈ کے افسران ہوتے ہیں تاہم مراعات ایک جیسی نہیں ہیں۔انہوںنے سیکریٹری خزانہ سے سوال کیا کہ سیکرٹری خزانہ صاحب آپ کے پاس بی ایم ڈبلیو ہے؟سعدیہ عباسی کا کہناتھا کہ جو وسائل وفاقی سیکرٹری خزانہ استعمال نہیں کر سکتا وہ افواج پاکستان انجوائے کر رہاہے اور وہاں پانچ پانچ بی ایم ڈبلیو کھڑی ہیں۔ سینیٹر فیصل سلیم نے اس پر کہا کہ ہمسائیہ ملک انڈیا میں مقامی گاڑیاں استعمال کی جاتی ہیں مہنگی گاڑیاں امپورٹ نہیں کی جاتی ہیں۔