ویرات کوہلی اور بابر اعظم کے درمیان بات چیت

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی سے جو بات ہوئی وہ سب کے سامنے نہیں بتاسکتا۔ بابر اعظم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آغاز سے قبل ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پچھلی سیریز سے ہمارا مومنٹم بنا ہوا ہے، ورلڈ کپ سے جاری پرفارمنس کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کے ساتھ بیٹنگ و بولنگ کوچز ہونے چاہیے، جب اسکواڈ میں کھلاڑی پورے ہوتے ہیں تو کوچز بھی پورے ہونے چاہئیں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے آگے کے لیے اچھا ہی سوچا ہوگا، رمیز راجا کے ساتھ کرکٹ معاملات پر بات چیت ہوتی رہتی ہے۔ قومی ٹیم کے کپتان نے مزید کہا کہ نیوزی لینڈ کے جانے کے بعد ویسٹ انڈیز کا آنا بہت ضروری تھا، ویسٹ انڈیز نے مشکل وقت پر ہمارا ساتھ دیا ہے، سب کے ذہنوں میں یہی تھا کہ اب پتا نہیں کوئی ٹیم آئی گی یا نہیں۔ ورچوئل پریس کانفرنس میں شریک ایک صحافی عمران نے بابر اعظم سے سوال کیا کہ ورلڈ کپ کے دوران آپ کی اور بھارتی سابق کپتان ویرات کوہلی کی گفتگو ہوئی جس پر بہت سی ویڈیو ز میں بات بھی کی گئی تو اب جب بھارتی کھلاڑی ویرات کوہلی کو دونوں فارمیٹس کی کپتانی سے ہٹا دیا گیا ہے اور اس وقت ان پر مشکل وقت کی باتیں کی جارہی ہیں تو آپ بتائیں کہ آپ دونوں کی کیا بات چیت ہوئی تھی؟ صحافی کے سوال پر بابراعظم سے پہلے ورچوئل پریس کانفرنس کے ہوسٹ نے صحافی کو اس سوال سے منع کیا اور سیٹ انڈیز سیریز پر ہی بات چیت کرنے کو کہا تو صحافی نے جواب کیلئے اصرار کیا جس پر بابر اعظم بولے کہ ویرات کی اور میری کیا بات چیت ہوئی وہ میں میں سب کے سامنے تھوڑی بتائوں گا ۔ کپتان بابر اعظم کا دبنگ جواب سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہاہے ۔