لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )آن لائن ٹریڈنگ کمپنی ایچ ایف سی پاک کی دھوکہ دہی ، زیادہ ڈالر کمانے کی لالچ کرنے والے ہزاروں پاکستانیوں سے تقریباً ایک ارب روپے مالیت کا فراڈ ہو گیا ۔
ایچ ایف سی پاک ٹریڈنگ نامی جعلساز کمپنی نے ٹریڈنگ کے لیے ایپ جبکہ مشورے دینے کے لیے ٹیلی گرام گروپ بنا رکھے تھے ۔انویسٹر اپنی رقم اس ٹریڈنگ ایپ میں جمع کراتے تھے۔
دن میں چار بار پانچ پانچ منٹ کے لیے ٹریڈنگ آفر کی جاتی تھی اور کمپنی ٹیلی گرام گروپ میں بتاتی تھی کہ بٹ کوائن اوپر جائے گا یا نیچے آئے گا، اس گروپ میں تقریباً چالیس ہزار لوگ موجود تھے ۔
کمپنی نے 19دسمبر تک انویسٹر کے پیسے جمع کیے اور پھر ایپ بھی ڈاون ہو گئی اور ٹیلی گرام گروپ بھی بند ہو گیا۔ جعلساز کمپنی کی جانب سے فراڈ کے بعد متاثرین نے ایف آئی اے سے رابطہ کرنا شرو ع کیا جنہوں نے ابتدائی تحقیقات شروع کردی ہیں ۔
ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے اس طرح کے فراڈ پہلے بھی مختلف کمپنیاں کر چکی ہیں ۔