کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حکومت پاکستان نے قومی ایمرجنسی پلان کی منظوری دیدی جس کے لیے ورلڈ بینک،ایشیائی ترقیاتی بینک نے 588ملین ڈالر فراہم کرنے کا اعلان کر دیا
حکومت پاکستان نے کورونا وائرس کے خلاف ” پاکستان قومی ایمرجنسی پلان “ کی منظوری دے دی ہے،قومی ایمرجنسی پلان کے تحت ملک بھر میں آئسولیشن رومز کے قیام کیلئے فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔
قومی ایمرجنسی پلان کے لیے عالمی اقتصادی ادارے پاکستان کو مجموعی طور پر 588ملین ڈالر فراہم کریں کے۔ عالمی بینک 238 ملین ڈالر جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک 350 ملین ڈالر فراہم کرے گا۔
وزارت منصوبہ بندی میں ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان کی زیرِ صدارت کورونا وائرس کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں ورلڈبینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے پاکستان کے لیے کنٹری ڈائریکٹرزنے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کی نگرانی کا مربوط نظام تشکیل دیا جائے گا اور کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے اضافی سامان فراہم کیا جائے گا۔
اجلاس میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کیلئے وینٹیلیٹرز بھی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔کورونا وائرس سے بچاﺅ کے لیے ہیلتھ ٹیموں اور طبی عملے کیلئے حفاظتی لباس فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔