حال ہی میں شائع ہونیوالی دلچسپ سائنسی تحقیق میں ناشتہ سے متعلق اہم انکشافات ہوئے ہیں۔ گزشتہ ماہ”جرنل آف اینڈوکرینالوجی اینڈ میٹابولزم“ میں شائع ہونیوالی ریسرچ کے مطابق بھاری ناشتہ انسانوں میں وزن کم کرنے کا باعث بنتا ہے اور ناشتہ میں پیٹ بھر کر کھانا ہلکے ناشتہ کی نسبت زیادہ کیلوریز جلانے کا باعث بنتا ہے۔
جرمنی کی یونیورسٹی آف لوبیک کے ریسرچرز نے 16صحت مند نوجوانوں کا مطالعہ کیا اور اس بات کو نوٹ کیا کہ یہ نوجوان ہر کھانے کے بعد خوارک میں موجود کتنی توانائی یا کیلوریز خرچ کرتے ہیں۔
ریسرچرز کے مطابق جن لوگوں نے بھاری ناشتہ کیا اور رات کا کھانا ہلکا کھایا انہوں نے کم ناشتہ اور رات بھاری کھانا کھانیوالوں کی نسبت ڈھائی گنا زیادہ کیلوریز جلائیں۔
اس سائنسی مطالعہ میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ جو لوگ ہلکا ناشتہ کرتے ہیں انہیں دن میں زیادہ بھوک لگتی ہے اور ان کی میٹھا کھانے کی طلب بھی بڑھ جاتی ہے اور اس طرح ہلکا ناشتہ کرنیوالے بھوک میں اضافہ کے باعث زیادہ کیلوریز استعمال کر لیتے ہیں اور انکی خوارک سے ملنے والی توانائی یا کیلوریز خرچ کرنے کی شرح کم رہتی ہے۔
یونیورسٹی آف لوبیک کے نیوروبیالوجسٹ ڈاکٹر ریکٹر کے مطابق رات کے کھانے کی نسبت ناشتہ میں زیادہ کھانے سے موٹاپے اور بلڈ شوگر میں کمی ہوتی ہے۔
ناشتہ کی اہمیت بارے اس سے قبل بھی کئی تحقیقی مطالعوں میں اہم انکشافات ہوچکے ہیں۔ سال 2013ء میں یونیورسٹی آف تل ابیب کے تحقیقی مطالعہ کے مطابق توانائی سے بھرپورناشتہ ہمیں ہائی بلڈ پریشر،ذیابیطس اور دل کی بیماریوں سے بچاتا ہے۔ اس مطالعہ سے یہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ ناشتہ وزن کم کرنے میں مدد کرتا ہے اور رات کے کھانا کی نسبت ناشتہ میں زیادہ کھانیوالوں نے وزن میں زیادہ کمی دکھائی۔
گزشتہ برس کیمبرج یونیورسٹی پریس کی اسٹڈی میں یہ بات سامنے آئی کہ ناشتہ کرنے والے افراد کی ذہنی صحت بھی بہتر رہتی ہے