دنیا بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے ہیں جس سے تمام طبقات کسی نہ کسی سطح پر مشکلات کا شکار ہیں۔، متعدد ممالک میں شاپنگ مالز،سینما ہالز،سوئمنگ پولز ،جمنزیم،سکولز،کالجز وغیرہ بند کر دیے گئے ہیں۔
اسی طرح بالی ووڈ کی چکا چوند فلم انڈسٹری بھی کورونا وائرس کے ہاتھوں مفلوج ہوچکی ہے ۔ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر بھارت میں فلموں کی عکس بندی، ریلیز، پروموشن، ٹی وی شوز اور دیگر ویب سیریز کو 19مارچ سے 31مارچ تک بندکرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
اس حکم سے جہاں بالی ووڈ میں ریلیز کی منتظر فلموں کا شیڈول تاخیر کا شکار ہوگا وہاں فلموں کی عکس بندی روکنے کا حکم فلم پروڈکشن میں کام کرنیوالے ڈیلی ویجز ملازمین کے لیے کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہیں کیوں کہ مختلف فلموں کی عکس بندی، ٹی وی شوز وغیرہ کی ریکارڈنگ کے دوران روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں ملازمین اپنی محنت سے اپنے خاندان کے ہزاروں افراد کا پیٹ پالتے ہیں۔
کورونا وائرس کی وجہ سے 2 ہفتوں تک فلموں اور ٹی وی شوز کی شوٹنگ بند ہونے سے پروڈکشن کی دنیا سے جڑے سینکڑوں خاندانوں کو روزی روٹی کے لالے پڑ گئے ہیں۔ اس حوالے سے ڈیلی ویجز ملازمین کی مدد کے لیے پروڈیوسر گلڈ آف انڈیا نے دو ہفتوں تک پروڈکشن کا سلسلہ بند ہونے کی وجہ سے متاثر ہونیوالے ڈیلی ویجز ورکرز کے لیے ریلیف فنڈ کا اعلان کیا ہے۔
یہ اعلان پروڈیوسرگلڈ آف انڈیا کے صدر سدھارتھ رائے کپور کی جانب سے سامنے آیا ہے ۔ اس اعلان سے سینکڑوں ورکرز کو سکھ کا سانس نصیب ہوگا جن کا واحد کمانے کا ذریعہ روزانہ کی بنیاد پر فلم پروڈکشن کی شوٹنگ سے جڑا تھا ۔
پروڈیوسر گلڈ آف انڈیاکی جانب سے قائم کیے گئے ریلیف فنڈ میں معروف بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور نے اپنے اور اپنے خاندان کی دیگر افراد کی جانب سے ڈیلی ویجز ملازمین کے لیے فنڈز دینے کا اعلان کیا ہے۔
سونم کپور نے انڈین فلم میکر اشوک پنڈت کی جانب سے فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سائن ایمپلائز کے پلیٹ فارم سے ورکرز کے لیے راشن اور بنیادی ضروریات کی اشیاء تقسیم کرنے کی مہم میں بھی اشوک پنڈت کو اپنی جانب سے مکمل مدد کی یقین دہانی کرائی ہے ۔
دوسری جانب معروف ہدایت کار کرن جوہر نے بھی فلم انڈسٹری سے جڑے بڑے ناموں کو اس فنڈ میں حصہ لینے کی اپیل کی ہے ۔