بھارتی ریاست مہاراشٹر میں ایک شخص کو ماسک کے بغیر سڑک پر سر عام چھینک مارنا انتہائی مہنگا پڑ گیا، وہاں پر موجود لوگوں نے اسے پیٹنا شروع کر دیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق انڈیا کی ریاست مہاراشٹر کے شہر کولہا پور میں ایک شخص سڑک سے گزر رہا تھا کہ بدقسمتی سے اسے چھینک آگئی۔
سڑک کنارے بغیر ماسک کے چھینکتے ہوئے شخص کو دیکھ کر موٹرسائیکل پر گزرنے والے ایک شخص نے رک کر راہ گیر کو پیٹنا شروع کر دیا جس کی دیکھا دیکھی میں کافی لوگ جمع ہوگئے اور انہوں نے راہ گیر کو چھڑانے کے بجائے مزید مارپیٹ شروع کر دی۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق کورونا وائرس ایک ایسی بیماری ہے جو چھینکنے اور کسی دوسرے کو ہاتھ لگانے سے بھی منتقل ہوسکتی ہے۔
یہ خوف دنیا بھر میں پھیلا ہوا ہے اور بھارت میں راہگیر بھی اسی کورونا کی دہشت کا شکار ہو گیا۔
راہ گیرکی مار پیٹ کی ویڈیو جب سوشل میڈیا پر آئی تو وہاں صارفین نے اپنے ملے جلے جذبات کا اظہار کیا ۔
اس واقعہ کے بارے میں بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے معاملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی ہے تاہم ابھی تک کسی شخص کی جانب سے کارروائی کے لیے کوئی درخواست نہیں دی گئی ۔