اے بی سی نیوز کے تحقیقاتی پروگرام ”فور کارنرز“ نے افغانستان میں ایک غیر مسلح افغان شہری کی آسٹریلوی فوجی کے ہاتھوں قتل کی لرزہ خیز ویڈیو جاری کی ہے۔
اے بی سی نیوزکے پروگرام میں نشرکی گئی 8 برس پرانی ویڈیو میں ایک آسٹریلوی اسپیشل ائیر سروسز کا اہلکار نزدیکی فاصلہ سے ایک افغان پر فائرنگ کرکے اسے قتل کر رہا ہے۔
ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ گندم کے کھیتوں میں موجود افغان شہری بالکل نہتا ہے اور اسکے ہاتھ میں صرف تسبیح ہے۔ یہ ویڈیو مئی2012ء کی ہے۔
اے بی سی نیو ز کے مطابق افغان شہری کو فائرنگ کرکے قتل کرنے والے آسٹریلوی فوجی کو پروگرام فور کارنرز میں ویڈیو نشر ہونے کے بعد آسٹریلوی فوج نے معطل کر دیا ہے
آسٹریلوی اسپیشل فورسز کے ایک سابق اہلکار نے اے بی سی نیوز کو ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آسٹریلوی فوجی کی جانب سے افغان شہری کا سیدھا قتل کیا گیا ہے اور یہ ویڈیو دیکھ کر وہ صدمہ کی حالت میں ہیں۔
اے بی سی نیوز کے مطابق آسٹریلوی فوجی کے ہاتھوں قتل ہونیوالے افغان شہری کا نام داد محمد ہے جس کی عمر 25 سے 26 برس تھی۔
آسٹریلوی وزیر دفاع لِنڈا رینالڈز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ آسٹریلوی اسپیشل فورسز کی جانب سے نہتے افغان کے قتل کے الزامات پر شدید پریشان ہیں اور انہوں نے یہ معاملہ آسٹریلین فیڈرل پولیس کے کمشنر کو بھیج دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ افغانستان میں آسٹریلوی اسپیشل فورسز کے خلاف 2006ء سے2016ء کے عرصہ کے دوران ایسے جرائم کے الزامات کی’انسپکٹر جنرل آف دی آسٹریلین ڈیفنس فورس‘ کی جانب سے تحقیقات کی حمایت کر چکی ہیں۔