پاکستان میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) اور اس کے حمایتی مسلم لیگ ن کے ورکرز کو پٹواریوں سے تشبیہ دیتے آئے ہیں لیکن کورونا وائرس کے باعث اسی حکومت کو پٹواریوں کی ٖضرورت پڑ گئی ہے۔
وفاقی وصوبائی حکومتوں کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اپنی اپنی سطح پر کوششیں جاری ہیں اور اسی سلسلہ میں اسسٹنٹ کمشنر بھکر کے دفتر سے مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں حلقہ پٹواریان کو مخاطب کرتے ہوئے انہیں عوام میں آگاہی مہم پھیلانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
اس مراسلہ میں ریونیو آفیسر بھکر کی معرفت سے پٹواریوں سے کہا گیا ہے کہ آپ اپنے اپنے حلقہ جات میں وسیع پیما نے پر تمام مساجد اور تمام دستیاب وسائل سے عوام الناس میں منادی عام کرائیں۔
اس منادی میں عوام کو بتایا جائے کہ حکومت پنجاب کی طرف سے جاری شدہ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 کے نفاذ کو مدنظررکھتے ہوئے شادی بیاہ، قل خوانی و دیگر ہر قسم کے عام اجتماعات اور اکٹھ پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں کوئی بھی پروگرام منعقد کرنے والے اور قل خوانی میں شرکت کرنے والے مولوی صاحبان کے خلاف مطابق ضابطہ فوری طور پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔