بےبی ڈول اور چٹیاں کلائیاں جیسے گیتوں سے معروف ہونے والی بھارتی گلوکارہ کنیکا کپور بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئی ہیں۔
بھارتی اخبار انڈیا ٹو ڈے کے مطابق وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہیں لکھنو کے کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔
41 سالہ گلوکارہ گزشتہ ہفتے لندن سے لکھنو آئی تھیں، انہوں نے حکام سے اپنی سفری معلومات بھی چھپا لی تھیں۔
لکھنو پہنچنے پر انہوں نے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں اپنے دوستوں اور افراد خانہ کے ہمراہ ایک شاندار پارٹی بھی منائی تھی۔
رپورٹس کے مطابق اس پارٹی میں بھارت کے سیاستدانوں، بیوروکریٹس اور دیگر اہم افراد نے بھی شرکت کی تھی۔
نیوز ایجنسی آئی اے این ایس کے مطابق طبی عملہ ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کر پایا کہ جس عمارت میں پارٹی سجائی گئی تھی اسے قرنطینہ کرنے اور اس میں مدعو مہمانوں کے ٹیسٹ لینے کے لیے کونسا طریقہ اختیار کیا جائے۔
کنیکا کے والد راجیو کپور نے ایک ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ان کی بیٹی نے لندن سے لکھنو آنے کے بعد تین پارٹیوں میں شرکت کی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ کنیکا کپور نے ان تین پارٹیوں میں تین سو سے چار سو افراد سے رابطے میں آئی تھیں۔
راجیو کپور نے بتایا کہ ان کے خاندان کے چھ افراد کے آج ٹیسٹ ہو رہے ہیں، کنیکا کپور کے ساتھ ساتھ ہم لوگوں نے بھی خود کو الگ تھلگ کر لیا ہے۔
انہوں نے ان رپورٹس کی تردید کی کہ کانیکا نے ایئرپورٹ حکام کو دھوکہ دیا تھا۔
راجیو کپور کے مطابق گلوکارہ کا ایئرپورٹ پر ہی ٹیسٹ لیا گیا تھا جو منفی آیا تھا۔
نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق آج اترپردیش میں کنیکا کے علاوہ تین اور افراد کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔