امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکی ’فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشنٗ (ایف ڈی اے) نے ملیریا کے علاج کیلئے استعمال ہونیوالی دوا ّکلوروکوئنٗ عالمی وبا کورونا وائرس کے علاج کیلئے استعمال کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
کلوروکوئن بنیادی طور پر کونین کی ایک قسم ہے جسے 1940کی دہائی سے ملیریا کے علاج کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے۔
تاہم سی این این کی ایک رپورٹ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دعویٰ کو غلط قرار دینے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایف ڈی اے کی جانب سے کلوروکوئن کو کورونا وائرس علاج کیلئے استعمال کرنے کی منظوری نہیں دی گئی۔
فاکس نیوز کے مطابق 13 مارچ 2020ء کو شائع ہونیوالی ایک ریسرچ میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد میں کلوروکوئن کے استعمال سے بہتر نتائج دیکھنے کو ملے۔ اس تحقیق میں یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ کلوکوئن کے استعمال سے کورونا وائرس کے مریضوں کو صحت یاب ہونے میں کم وقت لگا۔
سائنسدانوں کے مطابق کورونا وائرس کی ویکسین کی تیاری میں مہینے لگ سکتے ہیں اور مزید یہ کہ ویکسین کی تیاری کے بعد اس کو فوری طور پر استعمال بھی نہیں کیا جا سکتا۔
طبی ماہرین کے مطابق ویکسین کے ممکنہ سائڈ ایفیکیٹس دیکھنے کیلئے ویکسین تیار ہونے سے استعمال کرنے تک کے عمل میں ایک برس سے ڈیڑھ برس لگ سکتے ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق کلوروکوئن کی کورونا وائرس کے علاج میں افادیت سامنے آنے کے بعد اس کی طلب میں اضافہ ہوچکا ہے۔