لاہور(نیوز ڈیسک) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف احمد خان بھچر نے حکومت کی 100 دن کی کارکردگی کو تباہی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہتک عزت بل لانا اور کسانوں سے گندم نہ خریدنا یہی اس حکومت کی کارکردگی ہے،ٹک ٹاکر پنجاب حکومت کی 100 دن کی کارکردگی کیا ہی ہتک عزت بل پر بلی تھیلے سے باہر آچکی ہے، پیپلز پارٹی جمہوری جماعت ہونے کا دعوی کرتی ہے لیکن ہتک عزت قانون پر ان کا کیا کردار ہے، بانی پی ٹی آئی پہلے ہی کہتے تھے (ن)لیگ اور پیپلز پارٹی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، تحریک انصاف صحافیوں کے ساتھ ہے، ہتک عزت بل کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔
اراکین اسمبلی شیخ امتیاز اور میاں اعجاز شفیع کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے احمد خان بھچر نے کہا کہ گندم نہ خریدنا، کسانوں کو معاشی طور پر نقصان پہنچانا پنجاب حکومت کی 100 دن کی کارکردگی ہے، 100 دن میں انہوں نے کینسر ہسپتال کیلئے 30 ارب روپے کا اعلان کیا مگر 30 کروڑ روپے کے فنڈز رکھے، 30 کروڑ کے فنڈز میں 5 کلومیٹر سڑک نہیں بنتی۔
صحت کارڈ اور کسان کارڈ ہمارے منصوبے تھے، یہ ہمارے ہی منصوبے ہیں جن کو اپنے نام سے پیش کر رہے ہیں، 100 دن میں انہوں نے مقدمات کے سوا کچھ نہیں کیا، ان کی 100 دن کی کارکردگی دیکھیں کیا ایک بھی اپنا منصوبہ شروع کیا یہ ہسپتالوں میں ہمارے منصوبوں پر تختیاں لگا رہے ہیں،گندم کے معاملے پر ٹک ٹاکر حکومت فیل ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پر امن جماعت ہے لیکن انہوں نے آئی جی پنجاب کو صرف پی ٹی آئی پر کارروائیوں کے لئے رکھا ہوا ہے۔انہوںنے کہا کہ ان کے 3 ماہ میں پچیس فیصد مہنگائی ہوئی ہے، یہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ وفاق سے مشروط کر رہے ہیں، مہنگائی کے اعتبار سے تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ بہت کم ہے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کسی سے کوئی رعایت نہیں مانگ رہے انصاف مانگ رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ انہوں نے تو تین سو یونٹ مفت دینے کا کہا جو سو دن میں مفت فراہم کرنے تھے ، وہ اعلانات کہاں گئے ۔





