اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں5 روپے 72 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی۔ بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کی منظوری مالی سال2024-25 کے لیےدی گئی۔ نیپرا کے اعلامیے کے مطابق بجلی کے ٹیرف میں اضافے کا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا گیا ہے۔ نیپرا کا کہنا ہے کہ بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2024 سے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیپرا کے مطابق بجلی کا اوسط بنیادی ٹیرف 29.78 روپے سے بڑھ کر 35.5 روپے فی یونٹ ہو جائےگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ وفاقی کابینہ نے کرنا ہے، بجلی کی قیمت میں ایک ساتھ اضافہ ہوگا یا مرحلہ وار ،یہ فیصلہ کابینہ ہی کرے گی۔
دوسری طرف وزیراعظم شہبازشریف نے ملکی صنعت کی بہتری کیلئے بجلی کے تاریخی پیکج کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعظم نےصنعتوں کے لئے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 10روپے69 پیسے کی کمی کردی،صنعت اور برآمدات کے شعبے کیلئے بجلی کی قیمت34 روپے 99 پیسے فی یونٹ مقرر کردی گئی۔
نیپرا نے صنعتوں کیلئے بجلی کی قیمت میں10روپے69 پیسے فی یونٹ کمی تجویز کی تھی،وزیراعظم کے پیکج کے نتیجے میں صنعتوں سے 200 ارب روپے سے زائد کا بوجھ ختم ہوگا۔
صنعتوں کو یہ پیکج عالمی منڈی میں اشیاءکی لاگت کے مقابلے کے قابل بنانے کیلئے کیاگیا،پیکج سے صنعتی اور زرعی مصنوعات کی پیداواری لاگت میں کمی اور برآمدات میں اضافہ ہو گا۔
پیکج سے صنعتی ترقی کی رفتار مزید تیزہوگی ، روزگار میں تیزترین اضافہ ہوگا۔صنعتوں کے پہیے کی رفتار تیز اور برآمدات میں اضافے سے ملکی معیشت کو فائدہ ہوگا۔





