پاکستان سے جانے والے دو فلسطینی شہریوں کے غزہ میں داخلے کے وقت کورونا ٹیسٹ مثبت نکلے ہیں، یہ افراد مصر کے رفاع بارڈر کے ذریعے اپنے ملک پہنچے تھے۔
فلسطین کی وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل یوسف ابو الریس نے ان شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق کر دی ہے جنہیں رفاع کراسنگ پوائنٹ کے قرنطینہ سینٹر کے اندر مکمل نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔
چین کی سرکاری نیوز ایجنسی شنہوا کی رپورٹ کے مطابق دنیا میں کورونا وائرس کے وباء پھیلنے کے بعد غزہ شہر میں یہ پہلے دو کیسز سامنے آئے ہیں۔
غزہ حکام نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ مغربی کنارے کی وزارت صحت سے متعلقہ حکام کے مطابق مارچ سے اب تک 53 فلسطینیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جن میں سے اب تک 17 افراد صحت یاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں۔
پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 645 تک پہنچ گئی
یاد رہے کہ عالمی ادارہ صحت کے مطابق اب تک دنیا میں کورونا وائرس کے متاثریں کی تعداد دو لاکھ 66 ہزار تک پہنچ چکی ہے جبکہ 11 ہزار ایک سو 84 افراد جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 645 ہے، چار افراد کو موت واقع ہو چکی ہے جبکہ 5 صحتیاب ہو کر گھر لوٹ چکے ہیں۔