اسلام آباد (مہر خان سے ) سینیٹر فیصل واوڈا نے رئوف کلاسرا کے ٹی وی شو مد مقابل میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کافی عرصے سے کہہ رہے ہیں کہ ارشد شریف کا کیس کھلے گا اور 9 مئی کے واقعے کی حقیقت سامنے آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ جس شخص نے اداروں، ملک اور سیاست کو نقصان پہنچایا ہے، وہ ایک گینگ کا حصہ ہے جس میں پی ٹی آئی اور اس کے بانی شامل ہیں۔ فیصل واوڈا نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پی ٹی آئی کے اندر مختلف رنگوں کے لوگ نظر آئیں گے جو فیض حمید سے دوری اختیار کریں گے اور اپنی باتوں کو مزید زور دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ گینگ ابھی پوری طرح سے منظرعام پر نہیں آیا، لیکن اس کا سب سے بڑا ستون گرایا جا چکا ہے، جس کا کریڈٹ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو جاتا ہے۔انہوں نے فوج کے اندر احتساب کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ یہ پہلی بار ہوا ہے کہ فوج نے اپنے ادارے کا احتساب کیا ہے۔ فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا کہ جو لوگ آج پیچھے سے اس گینگ کی حمایت کر رہے ہیں، ان کا بھی جلد احتساب ہوگا اور وہ بھی آئین و قانون کے سامنے جوابدہ ہوں گے۔فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ ارشد شریف کا کیس اور دیگر بڑے کیسز سامنے آئیں گے اور پاکستانی قوم کو اس بارے میں آگاہ کیا جائے گا کہ ان واقعات کے پیچھے کیا سازشیں تھیں۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کا واقعہ اور دیگر مسائل ون گو میں حل کیے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس گینگ کے دیگر افراد بھی منظرعام پر آئیں گے اور ان کا بھی احتساب ہوگا جو اس سازش کا حصہ رہے ہیں۔ فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا کہ ملک کی سیاست میں اب صرف علاقائی اور صوبائی پارٹیاں رہ جائیں گی، اور پی ٹی آئی کی مقبولیت کا گراف گر جائے گا۔سینیٹر فیصل واوڈا نے آخر میں کہا کہ اب سے عمران خان اور دیگر سیاستدانوں کو سیدھا لیٹا ہوا دیکھیں گے اور ان کی انتشار والی سیاست ختم ہوتی نظر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ ابھی بھی بڑی پوزیشن پر ہیں اور اس گینگ کی پشت پناہی کر رہے ہیں، ان کا بھی جلد احتساب کیا جائے گا۔





