سندھ میں لاک ڈاؤن سے پہلے اپنے آبائی گھروں کو جانے کے لیے کراچی کے کینٹ اسٹیشن پر ہزاروں لوگ اکٹھے ہو گئے ہیں اور انہوں نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے سماجی فاصلہ(Social Distance) قائم رکھنے اور دیگر احتیاطی اقدامات کو ہوا میں اڑا دیا ہے۔
نقار خانہ کو موصول ہونے والی ویڈیو میں کینٹ اسٹیشن پر اکٹھے ہونے والے ہزاروں شہریوں کو دیکھا جا سکتا ہے جو ٹرینوں کے انتظار میں کھڑے ہوئے ہیں۔
ویڈیو میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ انتظار کرنے والے مسافر ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں اور کسی قسم کی احتیاط نہیں کر رہے ہیں، ٹرین میں سوار ہونے کے لیے مسافروں کی دھکم پیل بھی ویڈیو میں دیکھی جا سکتی ہے۔
کینٹ اسٹیشن پر ایسے رش دکھائی دے رہا ہے جیسے لوگ عید کی چھٹیوں پر اپنے اپنے آبائی علاقوں کو جا رہے ہیں، دنیا بھر میں لاک ڈاؤن جاری ہے مگر پاکستانی عوام گھروں پر بیٹھنے کے لیے بالکل تیار نہیں ہو رہی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا ملک میں لاک ڈاؤن سے انکار
کورونا وبا : جاپان کے شہریوں کا حکومتی احکامات ماننے سے انکار
سعودی عرب میں آج سے کرفیو کا اعلان
کراچی کینٹ اسٹیشن پر اکٹھے ہونے والے مسافروں میں خود کتنے مسافر کورونا کا شکار ہوں گے اور یہ مریض اس وبا کے پھیلاؤ میں کسقدر تیزی لائیں گے، کسی کو اس کا نہ احساس ہے اور نہ ہی اندازہ۔
کراچی میں لاک ڈاؤن کو یقینی بنانے کے لیے پولیس اور رینجرز اہم کردار ادا کر رہے ہیں، گزشتہ روز تمام دن پولیس اور رینجرز لوگوں کو گھروں میں رہنے کی تلقین کرتے رہے مگر لاک ڈاؤن سے پہلے ہی ہزاروں شہری ریلوے اسٹیشن پر اکٹھے ہو گئے۔