بالی ووڈ اداکارہ کرشمہ کپور کے بچے اپنے مرحوم والد اور صنعت کار سنجے کپور کی بھاری بھرکم جائیداد میں اپنے حصہ لینے کے لیے قانونی جنگ لڑنے عدالت پہنچ گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کرشمہ کپور کی بیٹی سمائرا اور بیٹے کیان نے دہلی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔
جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ والد کی 21 مارچ کو سامنے آنے والی وصیت جعلی اور غیر قانونی ہے کیونکہ والد نے کبھی اپنی زندگی میں اس کا ذکر نہیں کیا۔
خیال رہے کہ اس وصیت کے تحت سنجے نے تمام جائیداد اپنی بیوہ پریا کپور کے نام کر دی تھی۔
تاہم سنجے کی سابقہ بیوی اور بچوں کی ماں اداکارہ کرشمہ کپور اور دونوں بچوں کا کہنا ہے کہ یہ وصیت حقیقت پر مبنی نہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ وصیت کو جعلی قرار دیکر ان کے والد کی 30 ہزار کروڑ روپے مالیت کی جائیداد میں اسے بچوں کو بھی برابر کا حق دیا جائے۔
یہ درخواست دراصل کرشمہ کپور نے بچوں کی جانب سے جمع کرائی ہے کیونکہ بیٹا نابالغ ہے جبکہ بیٹی نے ماں کو جنرل پاور آف اٹارنی تفویض کر رکھا ہے۔
سماعت کے دوران سنجے کپور کی دوسری بیوی پریا کپور کے وکیل راجیو نیئر نے عدالت کو بتایا کہ بچوں کو پہلے ہی 1900 کروڑ روپے کے اثاثے مل چکے ہیں۔ اب مزید جائیداد کا مطالبہ درست نہیں۔
وکیل دفاع کا مزید کہنا تھا کہ چونکہ کرشمہ کپور کی سنجے سے طلاق ہوچکی تھی اس لیے ان کے بچوں کا مزید دعویٰ برقرار نہیں رکھا جا سکتا۔
یاد رہے کہ رواں سال جون میں 53 سالہ صنعت کار سنجے کپور برطانیہ میں ایک پولو میچ کے دوران اچانک گر کر انتقال کر گئے تھے۔
سنجے کپور کی کرشمہ کپور سے 2003 میں شادی ہوئی تھی اور دونوں کے دو بچے بھی ہیں لیکن 2015 میں ان کی طلاق ہوگئی تھی۔