گٹکس 2025: یو اے ای میں ویزا خلاف ورزی کرنے والوں کو پکڑنے والی اسمارٹ کاریں متعارف۔یو اے ای میں جلد ہی رہائشی اور ویزا کی خلاف ورزی کرنے والوں کی نشاندہی کے لیے تیار کی گئی نئی اسمارٹ کاروں کا بیڑہ سڑکوں پر تعینات کیا جائے گا۔
وفاقی اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹس سیکیورٹی (ICP) نے یہ جدید گاڑی گٹکس گلوبل 2025 میں پیش کی ہے، جو 13 سے 17 اکتوبر تک دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں منعقد ہو رہا ہے۔
یہ گاڑی چھ ہائی ریزولوشن کیمروں سے لیس ہے جو مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے ریئل ٹائم میں چہروں کی نگرانی اور تجزیہ کرتے ہیں۔ کیمرے اس طرح لگائے گئے ہیں کہ گاڑی کے ارد گرد مکمل دائرے میں نگرانی ممکن ہو۔
یہ نظام حقیقی وقت میں چہرے کی تصاویر لیتا ہے اور انہیں فوراً پراسیس کرتا ہے۔جدید مصنوعی ذہانت کے الگورتھمز چہرے کے خدوخال کو انتہائی درستگی اور رفتار سے پہچانتے ہیں، جس سے مشتبہ یا مطلوبہ افراد کی فوری شناخت ممکن ہوتی ہے۔
گاڑی کے اندر انسپکٹرز کے لیے خصوصی آپریشنل اسکرینز نصب ہیں جو نتائج فوراً ظاہر کرتی ہیں، تاکہ موقع پر ہی کارروائی کی جا سکے۔
اگر کسی شخص کی شناخت ڈیٹا بیس میں کسی ریکارڈ سے میل کھا جائےتو ایک اسمارٹ الرٹ سسٹم خودکار طور پر اطلاع دیتا ہے جس سے فوری ردِعمل ممکن ہوتا ہے۔
داخلی ڈیش بورڈ پیش گوئی کرنے والی ٹیکنالوجی استعمال کرتا ہے، جو حکام کو فوری فیصلے کرنے میں مدد دیتا ہے اور ڈیٹا بیس سے براہِ راست محفوظ کنکشن برقرار رکھتا ہے تاکہ درستگی یقینی ہو۔
یہ مکمل طور پر الیکٹرک گاڑی ہے جو ایک چارج میں 680 کلومیٹر تک کا فاصلہ طے کر سکتی ہے۔یہ صاف توانائی سے چلتی ہے، جس سے ماحول کا تحفظ اور آپریشنل کارکردگی دونوں برقرار رہتے ہیں۔اس کے جدید کیمرے 10 میٹر تک کے دائرے میں مکمل بصری نگرانی فراہم کرتے ہیں۔
گاڑی کا مربوط ڈیزائن دن اور رات دونوں وقت کام کرنے کے قابل ہے اور دھول، طوفان یا شدید گرمی جیسے سخت موسمی حالات میں بھی کارکردگی برقرار رکھتا ہے، جو یو اے ای کے موسمی چیلنجز کے لحاظ سے نہایت اہم ہے۔
یہ اقدام فیلڈ انسپیکشن ٹیموں کی کارکردگی بڑھانے کے لیے کیا گیا ہے، تاکہ ویزہ اور رہائش کی خلاف ورزیوں پر فوری اور محفوظ کارروائی کی جا سکے، اور روایتی طریقوں پر انحصار کم کیا جا سکے۔یہ فیلڈ گاڑی خاص طور پر اسمارٹ سیکیورٹی انسپیکشن کے لیے تیار کی گئی ہے، جو پائیداری اور جدید ٹیکنالوجی کو یکجا کرتی ہے۔