ابوظہبی: ابوظہبی پولیس نے گزشتہ دو سالوں کے دوران آن لائن فراڈ کے ذریعے حاصل کی گئی 140 ملین درہم (14 کروڑ درہم) کی رقم برآمد کر کے اصل مالکان کو واپس کر دی۔ پولیس نے بتایا کہ اس عرصے میں 15ہزار 642سائبر کرائم کیسز نمٹائے گئے، جو امارت میں ڈیجیٹل خطرات کے بڑھتے ہوئے رجحان کو ظاہر کرتے ہیں۔
یہ اعلان ایک پریس کانفرنس میں کیا گیا جس میں سینئر حکام شریک تھے، جن میں بریگیڈیئر راشد خلف الظہری (ڈائریکٹر کریمنل انویسٹی گیشنز ڈیپارٹمنٹ، ابوظہبی پولیس)، کرنل سیف علی الجبری (ڈپٹی ڈائریکٹر کمیونٹی پولیس ڈیپارٹمنٹ)، اور دیگر اعلیٰ پولیس افسران شامل تھے۔
پریس کانفرنس کے دوران ابوظہبی پولیس نے "بی کیئر فل” (Be Careful) مہم کا نیا ایڈیشن لانچ کیا، جس کا مقصد عوام کو تازہ ترین سائبر کرائم کے طریقہ کار سے آگاہ کرنا ہے۔ یہ مہم معاشرتی شعور بیدار کرنے اور سائبر کرائم کی بدلتی ہوئی صورتوں سے آگاہی دینے کے لیے تیار کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ نیشنل سائبر سکیورٹی اسٹریٹجی کی حمایت بھی کرتی ہے، تاکہ عوام میں ڈیجیٹل خطرات کے بارے میں تعلیم دی جا سکے اور حکومتی ای سروسز پر اعتماد کو فروغ دیا جا سکے۔
مہم میں سائبر فراڈ کی 9 اقسام کو شامل کیا گیا ہے، جن میں درج ذیل شامل ہیں:
فون کے ذریعے دھوکہ دہی
جعلی لنکس
ریموٹ ایکسس سافٹ ویئر ڈاؤن لوڈ کرنے کے خطرات
پرکشش نمبر یا گاڑیوں کے لیے جعلی ڈپازٹس
جعلی ملازمت کی پیشکشیں
سوشل میڈیا پر نامعلوم افراد کی فرینڈ ریکویسٹ قبول کرنا
گمراہ کن آن لائن اشتہارات
جعلی پراپرٹی سودے
دھوکہ دہی پر مبنی سرمایہ کاری اسکیمیں
حکام نے زور دیا کہ یہ پیشگی اقدام کمیونٹی کے تحفظ کو مضبوط کرنے، احتیاطی تدابیر اپنانے کی ترغیب دینے، اور شہریوں کو خود کو جدید ترین سائبر خطرات سے محفوظ رکھنے کے قابل بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔





