ابوظہبی: خبر رساں ادارے امارات الیوم کے مطابق یو اے ای میں ایک ایشیائی تاجر کو ایک شخص کو دھوکہ دینے کے جرم میں سزائے جرمانہ سنائی گئی، جس نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ 6 ہزار درہم کے بدلے گولڈن ریزیڈنسی ویزا حاصل کروا سکتا ہے
مقدمے کی تفصیلات کے مطابق، متاثرہ شخص نے استغاثہ کو بتایا کہ مدعا علیہ نے اسے یقین دلایا کہ وہ اپنی کمپنی کے ذریعے گولڈن ویزا حاصل کروا سکتا ہے اور 6ہزار درہم کی رقم مانگی۔
متاثرہ شخص نے رقم کمپنی کے اکاؤنٹ میں منتقل کی، لیکن جب کوئی پیش رفت نہ ہوئی تو اسے دھوکہ ہونے کا احساس ہوا۔ جب اس نے مدعا علیہ کا سامنا کیا، تو دھوکہ باز نے صرف ایک ہزار 5سو درہم واپس کیے اور باقی رقم ادا کرنے سے انکار کر دیا، جس پر متاثرہ شخص نے پولیس میں رپورٹ درج کروائی۔
پبلک پراسیکیوشن نے مدعا علیہ کو میسڈیمینر کورٹ بھیجا، جہاں ابتدائی طور پر غیر حاضر رہتے ہوئے اسے ایک ماہ قید، 6ہزار درہم جرمانہ اور ملک بدر کرنے کی سزا سنائی گئی۔
تاہم، متاثرہ شخص نے مقدمہ خارج کرنے کے بعد عدالت میں مدعا علیہ نے فیصلے کو چیلنج کیا۔ بعد ازاں، عدالت نے ملک بدر کے حکم کو منسوخ اور قید کی سزا معطل کرتے ہوئے صرف جرمانے کی پابندی برقرار رکھی۔





