کورونا وائرس کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے آئی ایم ایف نے پاکستان کو مزید فنڈز دینے پر غور شروع کر دیا ہے۔
اس حوالے سے پاکستان کی طرف سے ہنگامی امداد کی درخواست کی گئی تھی جس کے جواب میں آئی ایم ایف نے پاکستان کی مزید مدد کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کا کہنا ہے کہ ادائیگیوں کے توازن کے حوالے سے پاکستان کی طرف سے ہنگامی امداد کی درخواست کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی حکام کے ساتھ آئی ایم ایف کی ٹیم ایمرجنسی فنڈ کے لئے بات چیت کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی درخواست کے جواب میں ہماری ٹیم بہت تیزی سے کام کر رہی ہے تاکہ آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ جتنی جلد ممکن ہو تجویز پر غور کرے اور امید ہے کہ بورڈ اس کی جلد منظوری دے گا۔
ورلڈ بینک، آئی ایم ایف کا مشترکہ اعلامیہ، پاکستان کے لیے بڑی خوشخبری
کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں پاکستان کو کیا مسائل درپیش ہیں؟
پاکستان میں کورونا کے 42 نئے کیسزسامنے آ گئے
کرسٹالینا جارجیوا نے مزید کہا کہ ریلیف اقدامات میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رہے گا۔
کورونا وائرس کی عالمی وباء کے پیش نظر متاثرہ ممالک کے لیے عالمی مالیاتی ادارے کی طرف سے نئی قرض سہولت متعارف کرائی گئی ہے جس کے تحت پاکستان کو بھی ایک ارب اور 40 کروڑ ڈالرز ملیں گے۔
وزیراعظم کے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے میڈیا بریفنگ میں اعلان کیا تھا کہ مختلف امدادی اداروں اور قرض دہندگان سے پاکستان نے تقریباً چار ارب ڈالرز کے قریب مالی معاونت کا انتظام کیا ہے۔
عبدالحفیظ شیخ نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کا ایک ارب چالیس کروڑ ڈالرز کا اضافی فنڈ بھی اسی چار ارب ڈالرز میں شامل ہے۔
مشیر خزانہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی طرف سے جاری کیے گئے ریلیف پیکج پر عالمی مالیاتی ادارے کی طرف سے اعتماد کا اظہارکیا گیا ہے جبکہ کرسٹالینا جارجیوا نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کا کورونا کے پیش نظر ریلیف پیکج خوش آئند ہے۔
مشیر خزانہ عبدالحفیظ نے کہا کہ پاکستان کو آئی ایم ایف سے اہم رعایت حاصل کرنے میں کامیابی حاصل ہو گئی ہے۔
انہوں نے مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ میں ہونے والے اخراجات کو مالی خسارے میں شامل نہیں کیا جائے گا۔
کورونا وائرس کی وباء پھلنے کے بعد آئی ایم ایف اب دنیا بھر میں کورونا وائرس کے شکار ممالک کی معیشتوں کی بحالی کے لئے نرم شرائط پر قرض فراہم کرے گا اور نئی قرض سہولت کے تحت پاکستان کو آئی ایم ایف سے 1ارب40کروڑ ڈالرز کا قرض ملے گا۔
انٹر نیشنل ڈیویلپمنٹ کے تحت عالمی بینک بھی پاکستان کو ایک ارب ڈالرز کا قرض دے گا۔ پاکستان کو ایشیائی ترقیاتی بینک دو مراحل میں ایک ارب 10 کروڑ ڈالرز کا قرض دے گا۔