تبلیغی مرکز رائیونڈ میں موجود 27 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مرکز میں موجود تبلیغی جماعت کے 35 افراد کی اسکریننگ کی گئی جن میں سے 27 افراد میں کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور دانش افضال کے مطابق تبلیغی مرکز کو تین روز قبل سیل کر کے اس میں موجود افراد کی اسکریننگ شروع کی گئی تھی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تبلیغی مرکز پر قرنطینہ بنایا جا رہا ہے۔
دوسری جانب دی نیوز کی جانب سے ایک خبر میں بتایا گیا ہے کہ حیدرآباد میں تبلیغی جماعت کے ایک رکن میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد تبلیغی جماعت کے 550 افراد کو قرنطینہ میں داخل کردیا گیا ہے۔
اخبار کے مطابق قرنطینہ میں داخل کیے گئے افراد میں 26 غیر ملکی بھی شامل ہیں۔
قرنطینہ سنٹر سے بھاگنے والے تبلیغی جماعت کے رکن کا ایس ایچ او پر قاتلانہ حملہ
اسلام آباد میں تبلیغی جماعت کے 6 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی
بھارت میں کورونا پھیلانے والے مذہبی رہنما کی ہلاکت کے بعد 40 ہزار افراد قرنطینہ میں داخل
ڈان اخبار کے مطابق پانچ سو غیرملکیوں سمیت تبلیغی جماعت کے تقریباً 12 سو ارکان پانچ روزہ اجتماع میں شریک تھے، بعد ازاں انہوں نے سہ روزہ اور چالیس روزہ تبلیغ پر روانہ ہونا تھا۔
ان تمام افراد کے لیے مرکز کے باہر ایک کھلی جگہ پر کیمپ لگا دیا گیا ہے۔
اس سے قبل پنجاب حکومت نے سالانہ اجتماع کے وقت تبلیغی مرکز کی انتظامیہ سے درخواست کی تھی کہ وہ اس اجتماع کو ملتری کر دیں مگر انہوں نے شروع میں انکار کر دیا تھا۔
تاہم بعد ازاں انہوں نے چار روز قبل اجتماع روکنے کا فیصلہ کیا تو پنجاب بھر میں حکومت نے ٹرانسپورٹ پر پابندی لگا دی تھی جس کے باعث وہ اپنے گھروں کو نہیں جا سکے۔
گزشتہ روز لیہ میں قرنطینہ مرکز میں رکھے گئے تبلیغی جماعت کے ایک رکن نے بھاگنے کی کوشش میں ایس ایچ او پر چاقو سے حملہ کرکے اسے زخمی کر دیا تھا۔ لیہ کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ضلع میں موجود تمام تبلیغی جماعتوں کو اکٹھا کرکے ضلع میں موجود مقامی تبلیغی مرکز کو قرنطینہ مرکز میں تبدیل کر دیا گیاہے۔
