امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور ساتھ ہی اس وبا سے متاثرہ افراد کی اموات بھی بڑھتی جا رہی ہیں۔
گذشتہ روز امریکہ میں ایک ہی دن میں کورونا وائرس سے 540 افراد کی ہلاکت نے خوف و ہراس پھیلا دیا ہے، اب تک ملک بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار سے بڑھ چکی ہیں۔
جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مرتب کردہ ڈیٹا کے مطابق ملک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 65 ہزار ہو گئی ہے جبکہ نیویارک میں ہلاکتوں کی تعداد 914 ہو چکی ہے جہاں اس عفریت نے پوری طرح اپنے پنجے گاڑے ہوئے ہیں۔
اس وبائی مرض کے خلاف جنگ میں مدد کے لیے امریکی بحریہ کا جہاز، جسے ایک ہسپتال میں تبدیل کردیا گیا تھا، گزشتہ روز ہڈسن سے مین ہٹن کے لیے روانہ کر دیا گیا۔
امریکہ وینٹی لیٹرز کی شدید کمی کا شکار، میڈیا حکومت پر برس پڑا
امریکہ میں جان بوجھ کر کورونا وائرس پھیلانے والوں کے خلاف دہشت گردی کے مقدمے درج ہوں گے
کورونا وائرس کے باعث امریکہ شدید بیروزگاری کے چنگل میں
اس کے ساتھ کئی امدادی جہاز اور ہیلی کاپٹرز بھی موجود ہیں۔ اس کے علاوہ اس جہاز کی باہری سطح پر ریڈ کراس کا سرخ نشان بھی بنا ہوا ہے۔
یہ جہاز 100 بستروں پر مشتمل ہے جو ایسے لوگوں کا علاج کرے گا جن کی حالت کورونا وائرس کی وجہ سے تشویشناک ہو گی یا جن کو سرجری کی ضرورت ہو گی تاکہ باقی طبی وسائل کو کورونا سے متاثرہ افراد کے لیے بروئے کار لایا جائے۔
اسی طرح شہر کے ایک مشہور سینٹرل پارک میں 68 بستروں پر مشتمل ایک ٹینٹ اسپتال کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے جو کہ آج سے اپنا کام شروع کر دے گا۔
مشرقی ایشیاء کی معیشت پر کورونا کے تباہ کن اثرات
چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق ووہان میں ایک ہفتے سے کورونا وائرس کا کوئی مقامی کیس رپورٹ نہیں ہوا تاہم ورلڈ بینک نے خبردار کیا ہے کہ اس وبائی مرض نے دنیا کو ایک گہرے صدمے سے دو چار کیا ہے اور معشیت پر برے اثرات مرتب ہونگے۔
ورلڈ بینک کے مطابق کورونا کی وجہ سے معاشی شرح نمو میں واضح کمی واقع ہو گی اور خطے میں غربت بڑھ جائے گی۔
اگرچہ چین نے وبا پر اچھے طریقے سے قابو پایا ہے لیکن اس کی معاشی ترقی کی شرح میں کافی حد تک کمی آئی ہے جو گزشتہ برس 6.1 فیصد تھی جبکہ رواں برس کم ہو کر 2.3 فیصد رہ گئی ہے۔
چین کے کارخانوں میں دوبارہ کام کا آغاز ہو چکا ہے تاہم بین الاقوامی تجارت 23.1 فیصد سے کم ہو کو صرف 11.6 فیصد رہ گئی ہے۔
اس کے علاوہ مشرقی ایشیا کے باقی ممالک میں بھی معاشی بدحالی کا خطرہ بڑھ گیا ہے، جاپان میں کورونا وائرس کے مزید کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ جنوبی کوریا میں وبا میں کمی واقع ہوئی ہے۔
جنوبی کوریا میں روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ کیسز کی تعداد 100 سے کم ہو گئی ہے۔ ملک بھر میں اگلے ہفتے سے اسکولوں میں آن لائن کلاسز کا بندوست کیا جائے گا۔