لاہور کے نواحی علاقے رائیونڈ سے کورونا وائرس کے مریض سامنے آنے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے پورے علاقے کو مکمل لاک ڈاون کر دیا ہے۔
ڈان اخبار میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق رائیونڈ کے سالانہ اجتماع میں شریک تبلیغی جماعت کے کارکنوں میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد مزید لوگوں میں یہ وائرس پائے جانے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
دو لاکھ سے زائد آبادی پر مشتمل رائیونڈ شہر کے باسیوں پر گھروں سے نکلنے کی پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ شہر میں کاروباری سرگرمیوں اور ٹرانسپورٹ بھی بند کر دی گئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق رائیونڈ کے اجتماع میں شریک 33 لوگوں کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 27 لوگوں میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے جس کی وجہ سے سخت اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔
تبلیغی جماعت کیسے جنوبی ایشیاء میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا باعث بنی ؟
رائیونڈ مرکز میں تبلیغی جماعت کے27 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق
اسلام آباد میں تبلیغی جماعت کے 6 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی
انہوں نے بتایا کہ علاقے میں قائم اسپتالوں اور میڈیکل اسٹورز کو بند نہیں کیا گیا، شہر میں موجود کسی بھی شخص کو علاقہ چھوڑنے کی اجازت نہیں ہو گی سوائے ان کے جنہیں طبی امداد کی ضرورت ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر روز دو گھنٹے کے لیے لاک ڈاؤن میں نرمی کی جائے گی تاکہ لوگ اشیاء ضروریہ کی خریداری کر سکیں گے۔
علاقے کی سیکیورٹی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے رینجرز اور پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد شہر کے داخلی راستوں پر تعینات کی گئی ہے۔
اس وقت بھارت میں بھی تبلیغی جماعت کے ایک اجتماع کے باعث کورونا وائرس پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے، حکومتی ادارے ان تمام افراد کو تلاش کر رہے ہیں جنہوں نے اجتماع میں شرکت کی تھی۔