کورونا وائرس کی وباء پھیلنے کے بعد صرف 9 دنوں کی ریکارڈ مدت میں ایکسپو سنٹر میں 1000 بستروں پر مشتمل فیلڈ اسپتال تیار کر لیا گیا ہے۔
اس کی تیاری کا حکم وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے دیا تھا جسے ضلعی انتطامیہ، محکمہ صحت اور ریسکیو 1122 کی مدد سے نو دنوں میں تیار کر لیا گیا۔
یہ بات گورنمنٹ آف پنجاب کی طرف سے ایک ٹویٹ کے ذریعے بتائی گئی ہے، مزید بتایا گیا ہے کہ ایکسپو سنٹر میں بنائے گئے اسپتال میں ICU، Triage، ریسکیو سروس سمیت تمام سہولیات موجود ہیں۔
پنجاب کے مختلف اسپتالوں میں کورونا کے مریضوں پر ملیریا کی دوا کا استعمال شروع
ملک بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد دو ہزار سے تجاوز کر گئی
اس فیلڈ اسپتال کا مقصد یہ ہے کہ کورونا وائرس کی علامات والے مریضوں کو عام اسپتالوں میں نہ جانا پڑے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا 9 دن میں تیار ہونے والے 1 ہزار بستروں پر مشتمل ایکسپو سنٹر کورونا وائرس فیلڈ ہسپتال کا دورہ.
اس ہسپتال میں ICU، Triage، ریسکیو سروس سمیت تمام سہولیات موجود ہیں.
شہری آبادی سے دور ہونےکی وجہ سے کوروانا وائرس کے مریضوں کو یہاں لایا جائےگا#PunjabCoronavirusUpdate pic.twitter.com/vi8804ynTA— Government of Punjab (@GovtofPunjabPK) April 1, 2020
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس اسپتال کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے انتظامیہ کو ضروری ہدایات جاری کیں۔
پنجاب میں روزانہ کی بنیاد پر کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور اس وقت پنجاب میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 708ہے جس میں صرف لاہور میں ہی کورونا کے مریضوں کی تعداد 154ہے۔
رائیونڈ لاہور میں قرنطینہ سنٹر میں موجود کورونا کے مریضوں کی تعداد اس کے علاوہ ہے۔
پنجاب حکومت نے کورونا وائرس پر قابو پانے کے لئے صوبے بھر میں چھوٹے بڑے شہروں میں لاک ڈاؤن کا سلسلہ بھی جاری رکھا ہوا ہے اور آج سے سپر مارکیٹس اور دکانوں کو 5بجے بند کرنے کے بھی احکامات جاری کیے جا چکے ہیں۔
