وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم روزانہ کی بنیاد پر ڈیٹا کا جائزہ لے رہے ہیں کہ پاکستان میں کورونا کے کتنے کیسز ہیں اور کہاں کہاں پر کورونا کے مریض ہیں؟
انہوں نے کہا ہم یہ بھی دیکھ رہے ہیں کہ باہر سے جو لوگ آ رہے ہیں ان کی وجہ سے کتنے لوگ کورونا کا شکار ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیٹا کے مطابق اگر پاکستان نے 25 اپریل تک احتیاط کی تو یہ وباء 20 سے 25 ہزار لوگوں کو متاثر کرے گی اور اگر 25 اپریل تک احتیاط نہ کی تو کورونا کے مریضوں کی تعداد 50 ہزار سے بھی اوپر جا سکتی ہے۔
کورونا وبا دنیا بھر میں حکومتیں تبدیل کر سکتی ہے
امریکہ میں کورونا وائرس کی تباہ کاری میں اضافہ، اموات چار ہزار سے تجاوز کر گئیں
کورونا وائرس انسانوں سے پالتو جانوروں میں منتقل ہونے لگا
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اگر ہم 25 ہزار تک کورونا کے مریضوں کو روکنے میں کامیاب ہو گئے تو ان میں جو چار فیصد اسپتالوں میں جائیں گے ان مریضوں کے لئے ہمارے پاس وسائل کافی ہیں اور انہیں وینٹی لیٹرز کی سہولت بھی آسانی سے مہیا کی جا سکے گی۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں پانچ ہزار وینٹی لیٹرز ہیں جن میں 2500 کے قریب تو آئی سی یو میں لوگوں کے استعمال میں رہیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ اگر کورونا کے مریضوں کی تعداد 50 ہزار سے اوپر چلی گئی تو جب ان میں چار فیصد کو وینٹی لیٹرز کی ضرورت ہو گی اور یہ تعداد 2500 سے اوپر ہوئی تو پھر ان کے لیے وینٹی لیٹرز کی تعداد ناکافی ہو گی۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستانی قوم کو اس وقت احتیاط کرنے کی ضرورت ہے، لاک ڈاؤن کا مطلب یہ ہے کہ کہیں پر لوگ اکٹھے نہ ہوں۔ جب لوگ اکٹھے ہوتے ہیں تو پھر یہ وباء تیزی سے پھیلتی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستانی قوم کو اپنے طور پر بھی ڈسپلن کا مظاہرہ کرنا ہو گا اگر قوم خود ڈسپلن کا مظاہر ہ نہیں کرے گی تو کورونا کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوگا اورہم اپنی بے احتیاطی کی وجہ سے اپنے بزرگوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر یہ جنگ جیتنی ہے تو پھر سب کو احتیاط کرنی ہو گی اس لئے ضروری ہے کہ لوگ کہیں پر بھی اکٹھے نہ ہوں۔
دو اپریل کی صبح تک پاکستان میں کورونا وائرس سے 2291 افراد متاثر اور 32 جاں بحق ہو چکے ہیں۔
صوبہ پنجاب میں تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 708 سے بڑھ کر 845 ہو گئی جبکہ سندھ میں 679 سے بڑھ کر 743 ہو گئی۔
اسی طرح خیبر پختونخوامیں 276، بلوچستان میں 169، گلگت بلتستان میں 187، اسلام آباد میں 62 اور آزادکشمیر میں نو افراد اس وبا سے متاثر ہو چکے ہیں۔
کورونا وائرس کی وجہ سے پنجاب میں تا حال گیارہ،سندھ میں دس، خیبر پختونخوا میں آٹھ، بلوچستان میں ایک اور گلگت بلتستان میں دو اموات ہو چکی ہیں۔
کورونا وائرس وباء کے پیش نظر وفاقی حکومت نے ملک بھر میں صوبوں کی مشاورت سے ملک بھر میں 14 اپریل تک لاک ڈاؤن جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
