افغان طالبان نے کہا ہے کہ اگر ان کے زیر کنٹرول افغان علاقوں میں کورونا وباء پھیلتی ہے تو وہ جنگ بندی کا اعلان کر دیں گے۔
طالبان کا یہ جواب اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی جانب سے جاری بیان کے بعد آیا ہے جس میں سیکرٹری جنرل نے زور دیا تھا کہ افغان متحارب گروپ کورونا وباء سے متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر جنگ بندی کا اعلان کریں تاکہ ملک بھر میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کو یقینی بنایا جاسکے۔
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خدا نہ کرے ،اگر ان کے زیر اثر علاقوں میں کورونا وباء پھیلی تو ہم اس علاقہ میں لڑائی بند کر دیں گے۔
کابل کے گوردوارہ میں سکھوں کے قتل عام کی دلخراش داستان، ایک یرغمالی کی زبانی
کورونا وبا دنیا بھر میں حکومتیں تبدیل کر سکتی ہے
کورونا وبا کا خاتمہ کیسے ہو گا؟ تین امکانات سامنے آ گئے
طالبان نے اس بات کی بھی گارنٹی دی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں سفر کرنیوالے صحت و امدادی کارکنوں کی حفاظت کی ضمانت دیں گے جو نئے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے آئیں گے۔
افغان حکومت نے اس ہفتہ 196 کورونا کیسز کی تصدیق کی ہے، اس جنگ زدہ ملک میں اب تک 24 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
افغان حکومت نے ملک کے کئی شہروں میں لاک ڈاؤن کر دیا ہے تاکہ یہ وائرس ملک کے دوسرے علاقوں میں نہ پھیل سکے۔
کئی دہائیوں کی مسلسل جنگ کی وجہ سے افغانستان میں صحت کا نظام پہلے ہی تباہ حالی کا شکار ہے، خدشہ ہے کہ اگر یہ وبا مزید پھیلی تو مریضوں کے لیے مطلوبہ سہولتوں کی فراہمی ممکن نہیں ہو گی۔
