امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانوی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کو سیکیورٹی فراہم کرنے سے انکار کر دیا ہے جسکے بعد جوڑے نے اپنی حفاظت کے لیے کمپنیوں کی فہرست تیار کر کے کسی ایک کی خدمات لینے پر غور شروع کر دیا ہے۔
امکان غالب ہے کہ دونوں اسی کمپنی کے گارڈز کی خدمات لیں گے جنہوں نے بریڈ پٹ، انجلینا جولی، میڈونا سمیت بالی ووڈ کے مشہور ستاروں کے لیے سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دیے ہیں۔
سابق ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس شاہی فرائض سے دستبرادی کے بعد خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں۔ جوڑے نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے شاہی فرائض سے دستبردار اس لیے ہو رہے ہیں کیونکہ وہ ایک آزاد زندگی گزارنے کے خواہاں ہیں۔
جنوری میں باقاعدہ اعلان کے بعد اس خبر سے شاہی خاندان کو شدید جھٹکا لگا تھا۔
ٹرمپ کے جھوٹ نے ایک شخص کی جان لے لی
کورونا وائرس کے باعث امریکہ شدید بیروزگاری کے چنگل میں
دنیا کو ایک طویل عرصے کے لاک ڈاؤن کے لیے تیار رہنا چاہیے
بھارتی ٹی وی ریپبلک کے مطابق اب جوڑا اپنا ٹھکانہ بدلنے کے لیے مکمل تیار ہے اور اپنے لیے سیکیورٹی گارڈز کی تلاش میں ہے۔
رپورٹس کے مطابق جوڑے نے سیکیورٹی کمپنیوں کی فہرست میں صرف دو کو شارٹ لسٹ کیا ہے اور اب ان دو کمپنیوں میں سے کسی ایک کو منتخب کرنے کے لیے سوچ بچار کر رہے ہیں۔ دونوں کمپنیوں نے بالی ووڈ کے مشہور ستاروں کو سیکیورٹی کی خدمات دے رکھی ہیں۔ ماہرین کے مطابق سیکیورٹی کمپنی کی خدمات لینے پر سالانہ بل چار ملین پاؤنڈز تک جا سکتا ہے۔ یہ تخمینہ جوڑے کو درکار متعدد سیکیورٹی گارڈز کو مدنظر رکھ کر لگایا گیا ہے۔
ابتدا میں اطلاعات تھیں کہ شاہی خاندان سے علیحدگی اختیار کرنے کے بعد جوڑا کینیڈا منتقل ہو جائے گا تاہم اب یہ بات سامنے آ رہی ہے کہ دونوں میاں بیوی امریکہ میں کیلیفورنیا کو اپنا مسکن بنائیں گے۔
30 مارچ کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک ٹویٹ میں جوڑے کی امریکہ منتقلی کے متعلق کہا کہ امریکہ انکی سیکیورٹی کے لیے پیسے نہیں دے گا۔
اپنی ٹویٹ میں ٹرمپ نے برطانیہ کی ملکہ برطانیہ کے ساتھ اچھے مراسم کا بھی ذکر کیا تاہم اختتام اس بات پر کیا کہ سابق شاہی جوڑا اپنے سیکیورٹی کے اخراجات خود برداشت کرے گا۔
