مائیکروسافت کے بانی بل گیٹس، جو دنیا کے امیرترین افراد میں شام ہیں، نے اعلان کیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے اربوں ڈالرز خرچ کریں گے۔
ایک ٹی وی شو کے دوران اظہارخیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ کورونا وائرس کے خلاف تیار کی جانے والی سات بہترین ویکسینز کے لیے فیکٹریوں کی تعمیر پر اربوں ڈالرز خرچ کریں گے۔
بل گیٹس کا کہنا تھا کہ ان کا فلاحی ادارہ گیٹس فائونڈیشن کورونا وائرس کی وبا کے خلاف لڑنے کے حوالے سے حکومتوں سے زیادہ تیز کام کرسکتا ہے۔
کورونا وبا کی روک تھام : غریب ممالک کیلئے تین اہم سبق
کیا کورونا وائرس بچوں کو نقصان نہیں پہنچاتا؟
کورونا وبا:بل گیٹس مفادات کے ٹکراؤ کے الزامات کی زد میں
انہوں نے کہا کہ کیونکہ ہمارا ادارہ وبائی امراض کے حوالے سے مہارت رکھتا ہے، ہم نے وبا کے بارے میں سوچ رکھا تھا، ہم ویکسین کی تیاری کے حوالے سے زیادہ تیار ہیں، ہماری سرمایہ کاری تیاری کے عمل کی رفتار کو تیز کرسکتی ہے۔
بل گیٹس نے کہا کہ تیاری کے مراحل سے گزرنے والی متعدد ویکسینز میں سے 7 بہترین کا انتخاب اور ان کی تیاری کے لیے فیکٹریاں تعمیر کی جائیں گی۔
دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والے کورونا وائرس کے باعث ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں، بیماری کو کنٹرول کرنے کے لیے دنیا بھر کے بڑے ممالک تگ و دو میں مصروف ہیں تاہم ابھی کامیابی بہت دور نظر آ رہی ہے۔
آج ہفتہ کے روز تک دنیا بھر میں گیارہ لاکھ سے زائد مریضوں میں کورونا کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ دو لاکھ 26 ہزار اس بیماری سے صحتیاب ہو چکے ہیں۔
اب تک تقریبا 59 ہزار اموات واقع ہو چکی ہیں جن میں اٹلی میں سب سے زیادہ 14،681، اسپین میں 11،198 اور امریکہ میں سات ہزار سے زائد افراد شامل ہیں۔