کورونا وبا نیویارک میں انسانوں کے بعد اب جانوروں کو بھی متاثر کرنے لگا ہے، برونکس چڑیا گھر میں ایک چار سالہ شیرنی اس وائرس کا شکار ہو گئی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق دو شیرنیوں اور پانچ شیروں کو خشک کھانسی شروع ہو گئی ہے تاہم ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ایک شیرنی کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
آئیووا کی نیشنل ویٹرنری سروسز لیبارٹری نے ٹیسٹ لینے کے بعد کنفرم کیا کہ چار سالہ ملائین شیرنی کورونا وائرس کا شکار ہو گئی ہے۔
یو ایس ڈیپارٹمنٹ آف ایگریکلچر کے مطابق بظاہر ایسا لگتا ہے کہ شیرنی کو چڑیا گھر کے کسی ملازم سے یہ وائرس منتقل ہوا ہے۔
کورونا وائرس انسانوں سے پالتو جانوروں میں منتقل ہونے لگا
بل گیٹس کا کورونا وبا کی روک تھام کے لیے اربوں ڈالرز خرچ کرنے کا اعلان
امریکہ میں کورونا کیوں پھیلا؟ نئے حقائق سامنے آ گئے
وائلڈ لائف کنزرویشن سوسائٹی (ڈبلیو سی ایس) نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ متاثرہ جانوروں میں بھوک کی کمی دیکھی گئی ہے تاہم ان کی اچھی طرح دیکھ بھال کی جا رہی ہے اور وہ مستعد اور بہتر حالت میں ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ شیرنی میں وائرس کیسے پھیلا ہے تاہم اس کا مکمل خیال رکھا جا رہا ہے اور غالب امکان ہے کہ تمام جانور صحتیاب ہو جائیں گے۔
سوسائٹی کے مطابق دیگر جانوروں میں کسی قسم کی علامات نہیں پائی گئیں۔
کورونا وائرس کے باعث چڑیا گھر 16 مارچ سے بند ہے، سنٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پری وینشن کا کہنا ہے کہ جانوروں میں کورونا وائرس پھیل سکتا ہے تاہم سائنسدانوں کا خیال ہے کہ یہ وائرس جانوروں سے انسانوں میں منتقل نہیں ہوتا۔
ابتدائی تحقیق کے مطابق کورونا وائرس چمگادڑوں کو کھانے کی وجہ سے پھیلا۔ چمگادڑوں کا مدافعاتی نظام سپر ہیرو جیسا ہوتا ہے جو اپنے اندر بہت سے جرثومے اور وائرس محفوظ کر لیتے ہیں۔
یہ چمگادڑوں کو تو نقصان نہیں پہنچاتے لیکن انسانوں کے لیے انتہائی خطرناک ہیں۔
واشنگٹن پوسٹ میں شائع ایک مضمون میں ایک تحقیق کے حوالے سے یہ بتایا گیا ہے کہ 70 فیصد وائرس انسانوں میں حیوانات سے منتقل ہوتے ہیں کیونکہ تقریباً 17 لاکھ کے قریب وائرس یا انفیکشنز ایسے ہیں جو جانوروں میں پائے جاتے ہیں۔
ایک صدی قبل ایچ آئی وی ایڈز چمپینزی کے ذریعے انسانی جسم میں داخل ہوا۔ جبکہ انفلوئنزا پرندوں سے سور اور سور سے انسانوں میں منتقل ہوا۔
جس طرح ماضی میں باقی خطرناک اور جان لیوا وائرس جن میں سارس ، ایچ آئی وی، ایبولا اور دیگر شامل ہیں حیوانات سے انسانوں میں منتقل ہوئے، اسی طرح ایک تحقیق کے مطابق کورونا وائرس بھی چمگادڑوں سے انسانوں میں منتقل ہوا اور اب یہ وبا انسانوں سے کتے، بلیوں اور شیروں میں بھی پھیلنے لگی ہے۔
