ایرانی پارلیمنٹ میں صوبہ اصفہان کی نمائندگی کرنیوالے حسین علی حاجی دلیگانی نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت کورونا وباء سے جاں بحق اور متاثر ہونیوالے افراد کی تعداد کم بیان کر رہی ہے، اموات کی حقیقی تعداد 19 ہزار 5 سو ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس شروع سے ہی کورونا وبا سے ہونیوالی اموات اور متاثرہ افراد کی تعداد سے متعلق واضح معلومات کا فقدان تھا اور ابھی تک اس پر گفتگو ہو رہی ہے کہ کورونا وباء سے روزانہ کی بنیاد پر متاثرہ افراد اور اموات کا حساب کس طرح کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی وزارت صحت ہر صوبہ کے الگ الگ اعدادوشمار بتانے سے گریز کر رہی ہے، انہیں خدشہ ہے کہ اس سے لوگ خوف زدہ ہوسکتے ہیں۔
امریکہ نے ایران کی آئی ایم ایف سے امداد کی درخواست کی مخالفت کا فیصلہ کر لیا
ایران کو طبی امداد کی فراہمی، تین بڑے ممالک نے امریکی پابندیاں نظرانداز کر دیں
کورونا وائرس: ایرانی ڈاکٹرز کے رقص نے دنیا کی توجہ حاصل کر لی
ایران کی وزارت صحت نے آج اعلان کیا کہ اب تک کورونا وباء کی وجہ سے ایران میں 3739 اموات رپورٹ ہوئی ہیں تاہم مقامی رپورٹس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اموات کی تعداد حکومتی اعدادو شمار سے کہیں زیادہ ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ایرانی حکومت کورونا وباء کی اصل صورتحال کو منظرعام پر لانے والوں کو سختی کے ساتھ خاموش کرانے کی کوشش کررہی ہے۔
ایران نیوز وائر کے مطابق فارس کی سائبر پولیس کے سربراہ کا کہنا ہے کہ اب تک افواہیں پھیلانے والی 180 ویب سائیٹس اور سوشل میڈیا چینلز کیخلاف کارروائی کی گئی ہے۔
حشمت سلیمانی نے بتایا کہ اب تک حراست میں لیے گئے افراد کو عدلیہ کے سامنے پیش کیا گیا ہے اور مزید 60 افراد کو طلبی کے نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔