چین کے شہر ووہان میں لاک ڈاؤن کے دوران پھنسے پاکستانی طالب علموں کے مصائب ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہے، ان کی پہلی اذیت گھروں سے بہت دور چین میں طویل لاک ڈاؤن کا عرصہ گزارنا تھا، 76 روزہ طویل لاک ڈاؤن کے خاتمہ کے بعد اب ان کی دوسری اذیت شروع ہو گئی ہے۔
انکے اپنے ملک میں کورونا وائرس کے کیسز بڑھ رہے ہیں اور وہ یہ فیصلہ نہیں کر پا رہے کہ وہ چین میں ہی رہیں یا کورونا کی لپیٹ میں آئے اپنے ملک لوٹیں جہاں اب انکے عزیز و اقارب پریشانی سے گزر رہے ہیں۔
76 دن کا لاک ڈاؤن ختم ہونے پر چین کے شہر ووہان میں جشن کا سماں
ویکسین تیار ہونے سے پہلے لاک ڈاؤن کا خاتمہ کورونا وبا کو واپس لا سکتا ہے، ماہرین کا انتباہ
پاکستان میں چین کی نسبت کورونا وائرس زیادہ تیزی سے پھیل رہا ہے، چینی ڈاکٹر
پاکستان میں روز بروز کورونا وائرس کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، یہاں لاک ڈاؤن ہے اور طبی نظام چین سے بہت پیچھے ہے، ان سب خطرات کے باوجود چین میں موجود بیشتر پاکستانی طلبہ وطن آنے کے خواہشمند ہیں۔
چین میں میڈیکل کی طالبہ حفصہ طیب کی جانب سے ڈان نیوز کو بتایا گیا ہے کہ وہ اس نازک گھڑی میں اپنے والدین کے پاس پہنچنا چاہتی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ پاکستان واپس آ کر طبی شعبہ میں اپنے ملک کی مدد کرنے کی بھی خواہشمند ہیں۔
ووہان لاک ڈاؤن نے پاکستانی طلبہ کے ذہنوں پر ان مٹ نقوش چھوڑے ہیں، ڈان کی جانب سے ایسے ہی ایک پاکستانی پی ایچ ڈی طالبعلم میر حسن بارے بتایا گیا ہے جس کے والدفروری میں دل کی بیماری کے ہاتھوں جان کی بازی ہار گئے۔
میر حسن کے مطابق مرنے سے قبل انکے والد نے فون پر انہیں پاکستان لوٹنے کا کہا تھا، ان کا کہنا ہے کہ وہ جب بھی پاکستان میں اپنی والدہ سے رابطہ کرتے ہیں تو انہیں روتا ہوا پاتے ہیں، میر حسن پاکستان آنا چاہتے ہیں۔
چین میں پھنسے کچھ طلبہ ایسے بھی ہیں جو پاکستان میں کورونا پھیلاؤ کی وجہ سے چین میں رہنے کو محفوظ سمجھتے ہیں، ان کے خیال میں پاکستان میں کورونا وائرس سے حالات مزید خراب ہونے کا امکان ہے۔
ایسے حالات میں جب چین نے کورونا وبا پر قابو پالیا ہے تو پاکستان میں انکے پیاروں کی جانب سے انہیں فی الحال واپس نہ آنے کا کہا گیا ہے۔
ووہان میں پھنسے یہ پاکستانی طلبہ فروری سے وطن واپس لوٹنے کیلئے پاکستانی حکومت سے فریاد کرتے رہے مگر حکومت نے انکی واپسی کی اپیل نظر انداز کر دی۔
ان کے والدین کی بات نہیں سنی گئی تو انہوں نے فروری میں اسلام آباد میں مارگلہ روڈ بلاک کرکے احتجاج بھی کیا تھا۔