جب کورونا وباء نے بھارت کا رُخ کیا تو وہاں کی حکومت کے لاک ڈاؤن کے اعلان کے بعد دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں بھارت کی غریب آبادی سب سے زیادہ متاثر ہوئی، اس صورتحال میں وہاں کے بڑے بزنس میدان میں آئے اور بڑے بڑے عطیات کا اعلان کیا، ان میں شوبز، کھیل اور بزنس کی بڑی بڑی شخصیات شامل تھیں۔
رتن ٹاٹا ، چیئرمین ٹا ٹا ٹرسٹ
82 سالہ معروف بھارتی بزنس مین رتن ٹاٹا نے کورونا وباء سے نمٹنے کیلئے 500 کروڑ روپے عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ 28 مارچ کو اس اعلان کے بعد وہ ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئے تھے،
رتن ٹاٹا نے اپنے پیغام میں کہا کہ 500 کروڑ کو فرنٹ محاذ پر ڈیوٹی دینے والے میڈیکل اسٹاف کیلئے حفاظتی سامان کی خریداری، وینٹی لیٹرز، ٹیسٹنگ کٹس اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
میکش امبانی ، چیئرمین ریلائنس گروپ
ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ نے کورونا وباء کیخلاف لڑنے والے ملکی ہیلتھ ورکرز کے لیے حفاظتی لباس اور ماسک کی پیداوار روزانہ ایک لاکھ تک بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔
اس گروپ کی تیل کمپنی نے مختلف صوبوں میں ایمبولینسز کو مفت تیل کی فراہمی کے ساتھ ابتدائی طور پروزیراعلیٰ مہاراشٹرا کے فنڈ میں 5 کروڑ روپے عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
100 بیڈز پر مشتمل سیون ہلز اسپتال ممبئی کو کورونا مریضوں کیلئے مختص کیا گیا ہے، ریلائنس فاؤنڈیشن نے مختلف این جی اوز کے ساتھ ملک کر ملک کے مختلف شہروں میں لاکھوں افراد کو کھانا فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا ۔
چندراسکرن، چیئرمین ٹاٹا سنز
بھارت کا ٹاٹا گروپ انسانی خدمت کے لیے اپنی سخاوت کی وجہ سے مشہور ہے، حالیہ کورونا وباء کی وجہ سے دیہاڑی دار طبقہ شدید متاثرہوا ہے۔
ٹاٹا گروپ نے مارچ اور اپریل کے لیے اپنے گروپ کی تمام کمپنی سائیٹس اور دفاتر میں کام کرنیوالے عارضی ملازمین، دیہاڑی دار طبقہ کو مکمل تنخواہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے ایسے ملازمین کو بھی پوری تنخواہیں دینے کا اعلان کیا جو کورونا وباء کی احتیاطی تدابیر کی وجہ سے دفاتر آنے سے قاصر ہیں۔
ٹا ٹا سنز کے چیئرمین چندراسکیرن نے کورونا وباء کی صورتحال میں اپنے خیالات کا اظہا کرتے ہوئے کہا کہ اس وباء کے کمزور طبقات پر گہرے اثرات مرتب ہوئے ہیں، انہوں نے یقین دلایا کہ وہ اس مشکل گھڑی میں کمزور طبقے کی ہر ممکن مدد کریں گے۔
وینوسری نواسن ، چیئرمین ٹی وی ایس موٹرز
ٹی وی ایس موٹر کمپنی نے وزیر اعظم کیئر فنڈ میں 25 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا ہے، کمپنی بیان کے مطابق یہ عطیہ سری نواسن ٹرسٹ کی جانب سے کمیونٹی کے لیے کیے گئے دیگر اقدامات کے علاوہ ہے، ٹی وی ایس موٹر کمپنی کے چیئرمین وینو سری نواسن نے کورونا وباء کیخلاف حکومتی اقدامات کی تعریف کی ہے۔
پنکج منجال ، منیجنگ ڈائریکٹر ہیرو سائیکلز لمیٹڈ
ہیرو سائیکلز لمیٹڈ نے کورونا وباء کی وجہ سے کمپنی اور کمیونٹی پر ہونیوالے اثرات پر قابو پانے کے لیے 100 کروڑ روپے مختص کرنے کا اعلان کیا ہے ۔
چیئرمین ہیرو سائیکلز لمیٹڈ کی جانب سے صورتحال کو مانیٹر کرنے کے لیے ایمرجنسی مانیٹرنگ سیل قائم کیا ہے جو کورونا وباء کی وجہ سے اس کے ملازمین، گاہکوں اور پورے انڈیا میں کمیونٹی پر ہونیوالے اثرات کا جائزہ لے کر ان کی مدد کرے گا۔
سدھا مرتی ، انفوسز فاؤنڈیشن
انڈین سوفٹ ویئر کمپنی انفوسز نے کورونا وباء سے نبٹنے کے لیے 100 کروڑ روپے عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
گروپ نے 50 کروڑ روپے وزیراعظم ریلیف فنڈ کیلئے مختص کرنے کا اعلان کیا جس میں اسپتالوں کی استعداد کو بڑھاتے ہوئے ان میں کوویڈ 19مریضوں کا علاج کیا جائے گا۔
انفوسز فاؤنڈیشن کے چیئرپرسن سدھا مرتی نے کہا کہ یہ غیر معمولی حالات ہیں اور اس میں معاشرے کے ہر فرد کو اپنی حیثیت کے مطابق کردار ادا کرنا ہوگا۔
انفوسز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلیل پاریکھ نے کہا کہ اس وقت بزنس کمیونٹی کو حکومتی ہاتھ مضبوط کرنے چاہئیں۔
امیت برمن ، چیئرمین ڈابر گروپ
گھریلو اشیاء بنانیوالے ڈابر گروپ نے کورونا وباء سے نبٹنے کے لیے ریلیف آپریشن کی خاطر 21 کروڑ روپے عطیہ کرنے کا اعلان کیا، اس کے علاوہ 11 کروڑ روپے وزیر اعظم ریلیف فنڈ میں دینے کا اعلان کرتے ہوئے امیت برمن نے کہا کہ سوسائٹی کے ایسے طبقات جو وائرس سے شدید متاثر ہوئے ہیں ان کی بحالی کیلئے ان کا گروپ مزید امداد جاری رکھے گا۔
انیل اگروال، ایگزیکٹو چیئرمین ویدانتا ریسورسز لمیٹڈ
ویدانتا ریسورسز لمیٹڈ کے ایگزیکٹو چیئرمین انیل اگروال نے کورونا وباء سے نبٹنے کے لیے 100 کروڑ روپے مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے اس وباء کے دوران متاثر ہونے والے دیہاڑ دار مزدوروں کے لیے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا گروپ مشکل کی اس گھڑی میں اپنے لوگوں کا بھرپور خیال رکھنے کی کوشش کرے گا۔
آنند مہندرا، چیئرمین مہندرا گروپ
مہندراگروپ کے چیئرمین آنند مہندرا نے اپنے گروپ کے ہالیڈے ریزارٹس کو عارضی طور پر کوویڈ 19 مریضوں کے علاج کے لیے طبی مراکز میں تبدیل کر دیا ہے۔
انہوں نے اعلان کیا ہے کہ ان کا گروپ وینٹی لیٹرز کی تیاری میں حکومت کی بھرپور مدد کرے گا، انہوں نے لوگوں کی امداد کے لیے مہندرا فاؤنڈیشن کے ذریعے فنڈ بھی قائم کرنے کا اعلان کیا ۔
آنند مہندرا نے کئی مہینوں کیلئے اپنی 100 فیصد تنخواہ بھی کورونا وباء سے پیدا ہونیوالی صورتحال سے نمٹنے کیلئے دینے کا اعلان کیا ہے۔
گوتم ادانی ، سربراہ ادانی فاؤنڈیشن
بھارتی ریاست گجرات میں تعمیراتی شعبہ کے بہت بڑے گروپ کے مالک ارب پتی گوتم ادانی نے کورونا وباء سے نبٹنے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کے اعلان کردہ وزیر اعظم کیئرفنڈ میں 100 کروڑ روپے عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے مشکل کی اس گھڑی میں حکومت اور عوام کی مدد کے لیے مزید فنڈز بھی دینے کا اعلان کیا ہے ۔
آنند کریپالو، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈیاگو
گلوبل لیول پر الکوحل بنانیوالے بڑے برانڈ ڈیاگو نے کورونا وباء کے دوران سینی ٹائزر کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اپنے 15 یونٹس فعال کرتے ہوئے 3 لاکھ لیٹر سینی ٹائزر بنانے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے سینی ٹائزر انڈسٹری کو 5 لاکھ لیٹر ایکسٹرا نیوٹرل الکوحل (ای این اے) بھی عطیہ کرنے کا اعلان کیا جس سے 250 ملی لیٹر کے 20 لاکھ پیکٹ بنا ئے جائیں گے۔
اس کے علاوہ ڈیاگو نے ڈیڑھ لاکھ ماسک اور 3 کروڑ روپے بھی عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انیتا ڈونگرے ، معروف ڈریس ڈیزائنر
پاکستان کی معروف ڈریس ڈیزائنر ماریہ بی نے تو اپنے گھر پر کام کرنیوالے ملازم کو، کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے پر چپکے سے اس کے گاؤں بھجوا دیا تھا تاہم بھارت کی 56 سالہ معروف ڈریس ڈیزائنر انتیا ڈونگرے نے دیہاڑی دار مزدوروں، چھابڑی فروشوں کو کورونا وباء کے اثرات سے بچانے کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے مختص کیے ہیں۔
انتیا نے کہا کہ ہم نے محسوس کیا ہے کہ سوسائٹی میں ایسے بھی افراد موجود ہیں جو اس مشکل میں اپنی صحت کی حفاظت کیلئے وسائل نہیں رکھتے، اس مشکل وقت میں ان کی مدد ہم سب کا فرض ہے۔
انیتا ڈونگرے کے ڈیزائن کردہ ملبوسات بالی ووڈ معروف اداکارہ دپیکا پڈوکون اور برطانوی شہزادی کیتھرین میڈلٹن بھی زیب تن کرتی ہیں۔
وجے شیکھر شرما، فاؤنڈر پے ٹائم
موبائل پیمنٹس کمپنی پے ٹائم کے بانی ارب پتی وجے شیکھر شرما نے اپنی دو ماہ کی تنخواہ کمپنی ملازمین کو کورونا وائرس اثرات سے بچانے کے لیے دینے کا اعلان کیا ہے۔
وجے شیکھر شرمانے یہ فیصلہ بظاہر میریٹ انٹر نیشنل کے صدر و سی ای او آرنی سورینسن سے متاثر ہو کر کیا ہے جنہوں نے اپنی 2020ء کی تنخواہ کورونا وباء سے متاثر ہونیوالی ہوٹل انڈسٹری کے ملازمین کو دینے کا اعلان کیا تھا۔
انہوں نے اپنے ایک جذباتی ویڈیو بیان میں بتایا تھا کہ ادارے کے مشکل حالات کے پیش نظر میریٹ گروپ کے ٹاپ ایگزیکٹو زکی تنخواہوں میں بھی 50 فیصد کمی گئی ہے۔
منو کمار جین ،منیجنگ ڈائریکٹر زیاؤ می انڈیا
39 سالہ منو کمار جین، جو زیاؤ می کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر ہیں، نے وزیر اعظم اور وزرائے اعلیٰ کی جانب سے قائم کیے گئے ریلیف فنڈز میں اپنی کمپنی کی جانب سے 15 کروڑ روپے عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے 20 ہزار خاندانوں میں سینی ٹائزر، صابن اور ماسک بھی تقسیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
مسز نادیلہ، اہلیہ چیف ایگزیکٹو آفیسر مائیکروسوفٹ
چیف ایگزیکٹو آفیسر مائیکرو سوفٹ ستیہ نادیلہ کی اہلیہ انوپما نادیلہ نے کورونا وباء کے دوران مسائل کے شکار غریبوں کی مدد کیلئے وزیر اعلیٰ ریلیف فنڈ میں دو کروڑ روپے عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انوپما نادیلہ کے والد کی جانب سے 2 کروڑ روپے کا چیک وزیراعلیٰ چندرا شیکھر راؤ کے حوالے کیا گیا۔