بھارت میں کورونا وائرس پھیلاؤ روکنے کیلئے لگائے گئے لاک ڈاؤن نے ملک میں غربت میں مزید اضافہ کردیا ہے اور ایک ارب سے زائد آبادی کے ملک میں دل چیر دینے والے مناظر دیکھنے میں آ رہے ہیں۔ بھارت کے شہر آگرہ میں غربت کے مارے بھارتی شہری کی سڑک پر گرے دودھ کو جمع کرنے کی ویڈیو سامنے آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق دودھ کا کنٹینر سڑک پر حادثہ کا شکار ہوا تو بھارت کے بھوک کے مارے شہری کی قسمت جاگ اٹھی اور اس نے برتن میں سڑک سے دودھ جمع کرنا شروع کر دیا۔
نریندر مودی کا لاک ڈاؤن میں مزید دو ہفتے کی توسیع کا اعلان
دنیا کا سب سے بڑا لاک ڈاؤن، بھارتی معیشت کا ٹائی ٹینک ڈوبنے لگا
یورپ میں لاک ڈاؤن کم کرنے کا آغاز، معاشی سرگرمیاں شروع ہونے کا امکان
ٹویٹر پر سامنے آنیوالی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بھارتی شہری سڑک پر گرے دودھ کو ہاتھوں کی مدد سے اپنے برتن میں ڈال رہا ہے جبکہ اس شخص کے نزدیک ہی چند کتے بھی سڑک پر گرا یہی دودھ پی کر اپنی بھوک مٹا رہے ہیں۔
بھارت میں کورونا وائرس لاک ڈاؤن کی وجہ سے کئی ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاک ڈاؤن سے بے گھر افراد کی تعداد بڑھنے کے ساتھ ساتھ بے روزگاری میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔
لاک ڈاؤن کے بعد کئی افراد کو سینکڑوں کلو میٹر پیدل چل کر بھی گھر جانا پڑا جس سے کئی افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
Modi 's New India !!! Man and stray dog shares the same spiled milk in Agra !!! pic.twitter.com/dSVc0imHtr
— Augustine Varkey (@logicalindianz) April 13, 2020
جبکہ دوسری طرف بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کی جانب سے لاک ڈاؤن میں 3مئی تک توسیع کر دی گئی ہے۔ لاک ڈاؤن میں توسیع کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نے کہا ہے کہ بھارتی شہریوں کی زندگیاں معیشت سے زیادہ قیمتی ہیں۔
انہو ں نے مزید کہا ہے کہ 20 اپریل سے جن اضلاع سے کورونا کے کیسز سامنے نہیں آئیں گے وہاں لاک ڈاؤن میں محدود نرمیاں کی جائیں گی۔
بھارت میں اب تک کورونا وائرس کے 10,941 مصدقہ کیسز سامنے آ چکے ہیں جبکہ وائرس سے ہلاک ہونیوالوں کی تعداد 368 ہے۔ چند ماہرین کے مطابق بھارت کی جانب سے زیادہ ٹیسٹ نہ کئے جانے کے باعث وائرس متاثرین کی اصل تعداد کہیں زیادہ ہے۔
